زندگی بچانے کیلیے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد ضروری ہے ،غلام سرور

200

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) ایڈیشنل آئی جی حیدرآباد ریجن ڈاکٹر غلام سرور جمالی نے کہا ہے کہ زندگی اللہ کا خوبصورت تحفہ ہے اس کی حفاظت کے لیے ٹریفک قوانین اور تمام ترحفاظتی اقدامات پر عمل کرنا چاہیے روڈ حادثات میں اکثر اموات ہیڈ انجری کے باعث ہوتی ہیںلہٰذا ہیلمنٹ کا استعمال لازمی کریں۔ یہ بات درست ہے کہ گرمیوں کی شدت میں اس کا استعمال دشوار ہوتا ہے مگر یہ مستقل معذوری اور جان بچانے میں معاون ہوتا ہے ۔ٹریفک پولیس دن رات عوام کی خدمت کے لیے کوشاں ہے ان کے ساتھ تعاون کریں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے حیدرآباد ٹریفک پولیس کی جانب سے ہیلمٹ لگاؤ زندگی بچاؤ کے عنوان سے منعقدہ ٹریفک واک کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ واک سٹی تھانے سے شروع ہوکر کوہ نور چوک پر اختتام پزیر ہوئی۔ آگاہی واک میں میئر حیدرآباد سہیل مشہدی‘ایس ایس پی سرفراز نواز شیخ‘ڈی ایس پی ٹریفک امتیاز بلوچ‘ڈی ایس پی ٹریفک لطیف آبادشمس العابدین‘ صابر گدی‘ تاجر نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر موٹر سائیکل سواروں کو ہیلمٹ بھی تقسیم کیے گئے۔ ایڈیشنل آئی جی حیدرآباد ڈاکٹر غلام سرور جمالی نے ٹریفک پولیس کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ہیلمٹ کی تقسیم کو ایک مثبت اقدام قرار دیا۔