حیدرآباد ،حیسکو کا آپریشن ،غیر قانونی کنڈے منقطع ،تاریں ضبط

200

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) حیسکو آپریشن سب ڈویژن حالی روڈ کے ایس ڈی او محمد عرفان شیخ نے اپنے عملے کے ہمراہ حالی روڈ کے مختلف علاقوں میں بجلی چوروں اور نادہند گان کے خلاف آپریشن کر کے سیکڑوں غیر قانونی کنڈا کنکشن منقطع کرکے تاریں ضبط کر لیں اور مروجہ قانون کے تحت لاکھوں روپے جرمانے عائد کیے جبکہ نادہندہ صارفین سے بھی موقع پر لاکھوں روپے کے واجبات وصول کیے ،غیر قانونی کنڈا کنکشن کے خلاف آپریشن کرنے پر علاقہ مکینوں نے ایس ڈی او اور اُن کے ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری رکھا جائے تاکہ قانونی بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو ریلیف مل سکے ،تفصیلات کے مطابق حیسکو آپریشن سب دویژن حالی روڈ کے ایس ڈی او محمد عرفان شیخ نے ایل ایس ون عتیق الرحمان اور ایل ایس ٹو جاوید مائیکل سمیت اپنے عملے کے ہمراہ حالی روڈ کی الشفیق کالونی اور فاطمہ رحمانیہ مسجد کے علاقوں میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف طویل آپریشن کرکے غیر قانونی کنڈا کنکشن سمیت لاکھوں روپے کے واجبات پر نادہندہ صارفین کے کنکشن منقطع کر دیے اور بجلی چوری میں استعمال کی جانے والی تاریں اپنے قبضے میں لے لیں ،ایس ڈی او نے بجلی چوروں کے خلاف موقع پر ہی مروجہ قانون کے تحت لاکھوں روپے کے جرمانے عائد کیے جبکہ نادہندہ صارفین سے موقع پر ہی لاکھوں روپے کے واجبات وصول کیے ،آپریشن کے دوران بجلی چوروں میں افرا تفری پھیل گئی اور کئی بجلی چور گھروں کو تالے لگا کر فرار ہو گئے ، اس موقع پر ایس ڈی او محمد عرفان شیخ کا کہنا تھا کہ بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری رہے گا اور بجلی کی چوری کوکسی صورت برداشت نہیں کیا جائے جبکہ بجلی چوروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی اور جن نادہندہ صارفین کے ذمے حیسکو کے واجبات ہیں وہ فوری ادا کردیں بصورت دیگر بجلی منقطع کرنے کے علاوہ سخت قانونی کارروائی بھی کی جائے گی،اُدھر الشفیق کالونی سمیت دیگر علاقوں میں بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کوعلاقہ مکینوں نے سراہتے ہوئے ایس ڈی او اور اُن کی ٹیم خراج تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی اسی طرح بجلی چوروں اور کنڈا مافیا کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں گے تاکہ قانونی صارفین کو بہتر طور پر بجلی کی سپلائی ممکن ہوسکے اور لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہو ۔ علاوہ ازیں حیسکو ترجمان کے مطابق چیف ایگزیکٹو آفیسر حیسکو عبد الحق میمن کے احکامات پر حیسکو ریجن کے 13 اضلاع میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف جاری گرینڈ آپریشن میںچیف آپریٹنگ آفیسر ظہور احمد شیخ کی ہدایات پر حیسکو کی خصوصی ٹاسک فورس اور S&I کی ٹیموں کی کارروائیاں جاری ہیں ۔ اس سلسلے میں آج حیدرآباد کے علاقے لطیف آباد ،صدر،گاڑی کھاتہ، سٹیزن،قاسم آباد، حسین آباد، میرحسن آباد ودیگر علاقوں میں کارروائیوں کے دوران واجبات کی عدم ادائیگی پر270بجلی کے کنکشن منقطع جبکہ100سے زائد غیر قانونی کنڈا کنکشن پکڑے گئے ہیںاوربجلی چوروں کے خلاف مروجہ قانون کے تحت متعلقہ تھانوں میں FIRدرج کرانے کیلیے لیٹر جمع کروایا گیا ہے ۔واضح رہے کہ اس وقت حیسکو کے ٹوٹل 68 ارب 37کروڑ21لاکھ روپے کے واجبات ہیں ۔جس میں وفاقی اداروں پر 2 ارب 92 کروڑ 54 لاکھ ، صوبائی اداروں02 ارب 89کروڑ52لاکھ روپے کے واجبات ہیں۔جبکہ نجی صارفین پر62ارب 55کروڑ 16لاکھ روپے ہیں ۔ جس کی وصولی کیلیے حیسکو انتظامیہ اپنے معزز صارفین سے اپیل کرتی ہے کہ واجبات کی ادائیگی مقررہ وقت پر کی جائے تاکہ بجلی کی فراہمی ہوسکے ، بصورت دیگر بجلی منقطع کرنے کے علاوہ سخت قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔