عافیہ صدیقی کی واپسی کے لیے ہنگامی حالات کا اعلان

155

کراچی (اسٹا ف رپورٹر) عافیہ موومنٹ نے قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی وطن واپسی کیلیے ہنگامی حالات کا اعلان کردیا ۔ ملک بھر میںعافیہ موومنٹ کے تمام سپورٹرز ہنگامی بنیادوں پر قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی رہائی اور باعزت وطن واپسی کیلیے فی الفور پروگرامات ترتیب دیں اور وزیر اعظم عمران خان کو اپنا قوم سے کیا گیا وعدہ یاد دلائیں اور مزید ہدایات کے لیے انتظار کریں۔ ڈاکٹر عافیہ کی کراچی میں واقع رہائش گاہ پر منعقدہ ہنگامی اجلاس میں الطاف شکور، چیف آرگنائز ر انجینئر اقبال ہاشمی،متحدہ قومی موومنٹ، پاکستان رابطہ کمیٹی کے رکن محفوظ یار خان، معروف کارڈیولوجسٹ ڈاکٹر ابوبکر شیخ ، پی ڈی پی کراچی کے جنرل سیکرٹری سردار ذوالفقار، ہیومین رائٹس نیٹ کراچی کے صدر انتخاب عالم سوری و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس کے شرکا نے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کو یقین دہانی کرائی کہ وزیراعظم عمران خان کو ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی کا وعدہ یاد دلانے کیلیے ملک بھر میں عوام کو متحرک کیا جائے گا۔انہوں نے اس موقع پر مختلف تجاویز بھی پیش کیں اور ان تجاویز پرفوری عملدرآمدکی یقین دہانی بھی کرائی۔ وزیر اعظم عمران خان چند دنوں بعد امریکا کا دورہ کررہے ہیں۔ اجلاس کے شرکا نے امید ظاہر کی کہ عمران خان ماضی کے حکمرانوں سے مختلف ثابت ہوں گے اور قوم سے کیے گئے وعدے پورے کریں گے اور ڈاکٹر عافیہ کو اپنے ساتھ وطن واپس لائیں گے۔