حکومت کو کام نہیں کرنا۔ صرف ٹی وی پر تقریر کروالیں، اسلام آباد ہائیکورٹ

255

 

اسلام آباد(آن لائن )اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس محسن اخترکیانی کی عدالت نے ملازمت اپ گریڈ یشن کیس میں ا سٹیبلشمنٹ ڈویژن سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہاہے کہ حکومت سے ٹی وی پر تقریر کروانی تو کروا لیں کام نہیں۔کوئی بیورو کریٹ ڈر کی وجہ سے ٹھیک کام بھی کرنے کے لیے تیار نہیں۔پبلک سرونٹس کو پتا ہے وہ پانچ سال بعد نیب کے کیس بھگت رہا ہوگا۔پچھلے پانچ سال والے پبلک سرونٹ اب کیس بھگت رہے ہیں۔صحیح کام میں
بھی غلطی ہوجاتی ہے۔ کوئی پبلک سرونٹ غلطی کرنا نہیں چاہتا،ہم نے ایڈمنسٹریٹو آرڈرز بھی نیب کے دائرہ کار میں دے دیے۔اگر کوئی بیوروکریٹ 100آرڈر کرتے ہوں گے تو کچھ غلط بھی ہوسکتاہے۔ایڈمنسٹریٹو کام مختلف اور نیب کرپشن مختلف لیکن ہم نے دونوں ملا دیے۔نائب قاصد کا کیس بھی نیب کے پاس ڈی جی کا کیس بھی نیب کے پاس ہے۔اس طرح کیسے کام آگے بڑھے گا۔عدالت نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے ملازم کے ریگولرائزیشن کیس کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔علاوہ ازیںاسلام آبادہائیکورٹ کے جج جسٹس محسن اخترکیانی کی عدالت نے وفاقی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں کھوکھوں کو گرانے کیلیے جاری سی ڈی اے آپریشن کے خلاف کیس میں فیصلہ محفوظ کرلیا۔گذشتہ روز سماعت کے دوران سی ڈی اے کی طرف سے اسلام آباد کا ماسٹر پلان اور 485 کھوکھوں کی تفصیلات عدالت میں پیش کی گئیں۔اس موقع پرعدالت کاکہناتھاکہ کھوکھوں کے حوالے سے سی ڈی اے نے نہ قانون بنایا نہ بورڈ سے منظوری لی۔اس پروکیل نے کہاکہ کھوکھوں کے حوالے سے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے موجود ہیںجس پرجسٹس محسن اخترکیانی نے کہاکہ سی ڈی اے بغیر کسی قانون کے لائسنس جاری کرکے فیس لیتا رہاجتنے پیسے آپ لیتے رہے وہ تو ان کھوکھے والوں کو واپس کرنا ہوں گے۔اس پروکیل نے کہاکہ خود لائسنس دیتے ہیں، خود گراتے ہیں خود ہی بٹھاتے ہیں۔ وکلاء کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔ دریں اثناء اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس محسن اختر کیانی کی عدالت نے میونسپل کارپوریشن اسلام آباد کووفاقی دارالحکومت کے سستے بازاروں کے انتظامی امور چلانے کاحکم دیدیا۔گذشتہ روز مارکیٹ کمیٹی کی درخواست پرمحفوظ شدہ فیصلہ سناتے ہوئے عدالت نے مارکیٹ کمیٹی کی انتظامی امور ان کے سپرد کرنے کی درخواست مستردکرتے ہوئے کہاکہ مارکیٹ کمیٹی کادائرہ سبزی منڈی تک ہے جبکہ سستے بازاراورکیٹل مارکیٹ میونسپل کارپوریشن کی ذمہ داری میں آتے ہیں اوران کے انتظامی امور بھی میونسپل کارپوریشن کاکام ہے۔یادرہے کہ اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز میں منگل، جمعہ اور اتوار کو سستے بازار لگتے ہیں جن کے اختیارات حاصل کرنے کیلیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دوسال سے درخواست زیرالتواء تھی جس میں مارکیٹ کمیٹی نے ایم سی آئی سے سستے بازاروں کے کنٹرول حاصل کرنے کی استدعا کررکھی تھی۔