حج فلائٹ آپریشن آج سے شروع ہوگا،وفاقی وزراعازمین کو رخصت کرینگے

251

اسلام آباد(اے پی پی) حج 2019ء کے لیے فلائٹ آپریشن اورپاکستانی عازمین حج کی سہولیت کیلیے روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کاآج سے آغاز ہو گا۔تفصیلات کے مطابق نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ سے پہلی حج پرواز کو ایوی ایشن ڈویژن کے وفاقی وزیر غلام سرور خان اور وفاقی وزیر مذہبی امور ڈاکٹر نور الحق قادری رخصت کریں گے۔ سعودی ائرلائن کی حج پرواز ایس وی 719 روانہ ہو گی، آج ہی لاہور سے وزیر اعلیٰ پنجاب پہلی حج پرواز کو رخصت کریں گے۔ کراچی اور پشاور سے پہلی حج پرواز کل روانہ ہو گی ۔ کوئٹہ سے
پہلی حج پرواز 7 جولائی کو روانہ ہو گی جسے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری رخصت کریں گے۔ سیالکوٹ سے پہلی حج پرواز 10 جولائی کو روانہ ہو گی ۔ اسی طرح سکھر، ملتان ،کوئٹہ ، فیصل آباد، سیالکوٹ اور رحیم یار خان سے پہلی حج پروازیں 5، 6، 7، 8، 10 اور 27 جولائی سے شروع ہو ںگی۔ رواں سال سرکاری اسکیم کے تحت ایک لاکھ 23 ہزار 316 پاکستانی فریضہ حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ علاوہ ازیںپاکستانی عازمین حج کی سہولیت کے لیے وفاقی دارالحکومت سے ’’ روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ‘‘ کا آج سے آغاز ہو گا ۔پاکستان اور سعودی عرب کی حج وزارتوں کے درمیان ’’روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ‘‘کا پائلٹ پروگرام طے پا گیا اور پہلے مرحلے پر وفاقی دارالحکومت اس منصوبے میں شامل کیا گیا ہے۔ بعد ازاں اس پائلٹ منصوبے کا دائرہ دیگر ائرپورٹس تک بڑھایا جائے گا۔ اس پراجیکٹ کے تحت پاکستانی حاجیوں کی امیگریشن اور کسٹمز کا عمل اسلام آباد میں مکمل کر لیاجائے گا اور کسی بھی حاجی کو سعودی عرب میں امیگریشن کے مراحل سے نہیں گزرنا پڑے گا،بلکہ عازمین کاسامان براہ راست ان کی رہائش گاہوں تک پہنچایا جائے گا۔ سعودی امیگریشن کے 55 رکنی عملے نے نیو اسلام آباد ائرپورٹ پر اپنی ذمے داریاں سنبھال لی ہیں۔واضح رہے کہ پہلے 15 دن حج پروازیں براہ راست مدینہ منورہ روانہ ہوں گی۔ مدینہ منورہ پہنچنے والے عازمین حج کی وطن واپسی جدہ سے جبکہ براہ راست جدہ پہنچنے والے عازمین کی واپسی مدینہ منورہ سے ہوگی۔