جسارت کی خبر پر وزیراعلیٰ نے کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم بند کرنے کا حکم دیدیا

210

کراچی (رپورٹ: محمد انور) وزیراعلٰی سندھ نے سی ایم ہاؤس میں موجود کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم (سی اینڈ سی ایس) ختم کرکے اس کے عملے کو بھی برطرف کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعلٰی مراد علی شاہ نے روزنامہ جسارت میں 2 جولائی کو شائع ہونے والی خبر “سی ایم ہاؤس کے موجودہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم” بند کرنے کی تجویز پر نوٹس لیا ہے۔ وزیراعلٰی نے اس بات پر برہمی کا اظہار کیا کہ حکم کے باوجود سسٹم کو سی ایم ہاؤس سے ختم کیوں نہیں کیا۔ یاد رہے کہ سی ایم ہاؤس کے پرنسپل سیکرٹری نے سی ایم ہاؤس میں 2014ء سے موجود کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کو ختم کرنے کی تجویز دی تھی۔
انہوں نے سی ایم کو بھیجی گئی سمری میں کہا تھا کہ اس سسٹم کی وزیراعلٰی ہاؤس میں ضرورت نہیں ہے کیونکہ شہر کی صورتحال کی مانیٹرنگ کے لیے سندھ پولیس کے ہیڈ آفس اور سوک سینٹر گلشن اقبال میں بھی اسی طرز کا سینٹر کام کر رہا ہے۔ سسٹم بند کرنے سے سالانہ 40 ملین روپے کی بچت ہوگی۔ وزیر اعلٰی نے سمری پر حکم دیا تھا کہ متعلقہ محکموں کی رائے کے بعد اسے فورا بند کردیا جائے تاہم جسارت کی خبر پر وزیراعلٰی نے نوٹس لیا کہ اب تک کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کو یہاں سے ختم کیوں نہیں کیا گیا۔ انہوں نے حکم دیا کہ سسٹم فوری ختم کیا جائے اور متعلقہ ٹھکیدار فرم کا کنٹریکٹ ختم کردیا جائے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ سی ایم کی ہدایت پر مذکورہ سینٹر ختم کرنے کے لیے اسپشل سیکرٹری ہوم کی صدارت میں منگل کو اجلاس ہوا جہاں سسٹم کو ختم کرکے اس کے آلات وغیرہ کو منتقل کرنے کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔