حکومت نے بجٹ واپس نہ لیا تو ملک گیر احتجاجی تحریک چلائینگے ، محمود حامد

146

کراچی (نمائندہ جسارت) آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کراچی کے صدر محمود حامد نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی پالیسیوں پر چلنے والا کوئی بھی ملک معاشی تباہی سے نہیں نکل سکا اور معاشی تباہی میں دھنستا چلا گیا۔ موجودہ حکومت آئی ایم ایف کے وزیر خزانہ اور گورنر اسٹیٹ بینک کے بل پر اگر معاشی استحکام کے خواب دیکھ رہی ہے تو وہ غلط فہمی کا شکارہے ۔ کراچی کے تاجروں کی آج کی ریلی ایک ٹریلر ہے ، حکومت نے آئی ایم ایف کے ڈکٹیشن پر بنایا ہوا بجٹ واپس نہ
لیا تو تاجر کراچی تا خیبر تک ملک گیر احتجاجی تحریک چلائیں گے ۔ وہ منگل کے روز پریس کلب پر کراچی ٹریڈرز ایکشن کمیٹی کی احتجاجی ریلی کے اختتام پر میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ اس موقع پر پاکستان کنفکشنری ایسوسی ایشن کے چیئر مین جاوید حاجی عبد اللہ، لیاقت آباد ٹریڈرز الائنس کے بابر خان بنگش ، ایم اے جناح روڈ اسپورٹس مارکیٹ کے صدر سلیم ملک ، اسمال ٹریڈرز میرٹ روڈ کے رہنما حکیم خان، ناز پلازہ الیکٹرونکس مارکیٹ کے نوید احمد، اوڈین مارکیٹ کے رہنما تنویر حسین، ریحان صدیقی، پاکستان پرنٹنگ پریس ایسوسی ایشن کے رہنما عرفان نعیم، صدر ٹریڈرز الائنس کے رہنما محمد ربان، اردو بازار اسمال ٹریڈرز کے رہنما اقبال یوسف بھی موجود تھے ۔ محمود حامد نے اس موقع پر کہا کہ ڈنڈے اور بندوق کے زور پر نہ پہلے کوئی ٹیکس لے سکا ہے اور نہ آئندہ لے سکے گا ۔ جنرل پرویز مشرف نے فوج لگا کر ٹیکس سروے کروایا مگر وہ ٹیکس نیٹ میں ایک روپے کا اضافہ نہ کر سکا اب بھی ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت تاجر دوست اور فرینڈلی ماحول بنائے۔ تاجروں کو اعتماد مین لے اور آسان طریقہ کار اختیار کیا جائے۔ بجلی ، گیس ، پیٹرول اور سی این جی کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے ۔ انہوں نے کامیاب ریلی پر ایکشن کمیٹی کے رہنمائوں حکیم شاہ ، رضوان عرفان ، حماد پونا والا ،شرجیل گوپلانی احمد قادری ، جمیل پراچہ اور دیگر کو مبارکباد دی ۔
محمود حامد