عبدالغنی فٹبال ٹورنامنٹ،سندھ مسلم اگلے مرحلے میں

146

کراچی (اسٹاف رپورٹر)حیدری بلوچ فٹبال کلب کے زیر اہتمام واجہ شہہ عبدالغنی بلوچ شہید فٹبال ٹورنامنٹ کے سلسلے میں منگل کے روز ککری گرائونڈ میں حسب معمول دو میچ کھیلے گئے۔ پہلا میچ ملک اسٹار اور سندھ مسلم گذری کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیادونوں ٹیموں نے میچ کے آغاز سے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے شائقین کی دلچسپی میں اضافہ کیا۔پہلے ہاف کے آخری لمحات میں سندھ مسلم گذری کی طرف سے حسن نے گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو ایک گول کی برتری دلادی۔میچ کے دوسرے ہاف میں سندھ مسلم گذری کی ٹیم نے مخالف ٹیم کو دبائو میں رکھتے ہوئے اچھے موومنٹس بنائے اور اس کوشش میں میچ کے 38 ویں منٹ میں سندھ مسلم گذری کی طرف سے فیصل نے گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کی برتری دہری کردی۔اسی اسکور پر میچ اپنے اختتام کو پہنچا۔ اس طرح سندھ مسلم گذری نے اس میچ میں صفر کے مقابلے میں 2 گول سے کامیابی حاصل کرکے اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کی۔ اس میچ کو ریفری شاہنواز شانی نے سپروائز کیا۔جبکہ ڈپٹی ریفری عبدالخالق اور عبدالرحمن تھے۔ میچ ریفری استاد عبدالطیف تھے جبکہ میچ کمشنر اللہ بخش، مولابخش اور جمیل احمد تھے۔دوسرا میچ ساجدی بلوچ اور شفیع الیون ملیر کے درمیان کھیلا گیا۔پہلے ہاف کے اختتامی لمحات میں شفیع الیون ملیر کی طرف سے بننے والے ایک خوبصورت موومنٹ کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے شفیع الیون کے اسٹرائیکر زبیر نے گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو ایک گول کی برتری دلادی۔ دوسرے ہاف میں بھی دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے خلاف گول کرنے کی بھرپور کوششیں کیں اس کوشش میں میچ کے 43 ویں منٹ میں ساجدی بلوچ کی طرف سے انور نے گول اسکور کرکے مقابلہ ایک ایک گول سے برابر کردیا۔ اسی اسکور پر یہ دلچسپ میچ اختتام کو پہنچا میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لئے پینلٹی ککس کا سہارا لیا گیا جس کے مطابق شفیع الیون ملیر کی ٹیم نے 2 کے مقابلے میں 4 گول سے کامیابی حاصل کرکے اگلے مرحلے کے لئے کوالیفائی کرلیا۔