سیمی فائنل میں رسائی ،پاکستان کی نگاہیں آج انگلینڈ اورنیوزی لینڈ کے میچ پر مرکوز

234

لندن (جسار ت نیوز) سیمی فائنل میں رسائی کیلیے پاکستان کی نگاہیں آج انگلینڈ ونیوزی لینڈ کے میچ پر مرکوز ہیں جب کہ بدھ کے روز میزبان ٹیم کی شکست راستے کا ایک پتھر ہٹا دے گی۔انگلینڈ کی بھارت سے شکست پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی کے امکانات میں اضافہ کرسکتی تھی،مگر اتوار کو کھیلے جانے والے میچ میں ویرات کوہلی الیون کی ناکامی نے پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال میں اگر مگر کا چکر بڑھا دیا۔اس وقت دفاعی چیمپئن آسٹریلیا 8میچز میں 14پوائنٹس کے ساتھ کوالیفائی کرنے والی واحد ٹیم اور جنوبی افریقا کیخلاف غیر اہم میچ باقی ہے،پاکستان کے اس وقت 9پوائنٹس اور بنگلا دیش سے میچ ہونا ہے، 10پوائنٹس کے حامل انگلینڈ کو اپنے آخری مقابلے میں بدھ کو چیسٹرلی اسٹریٹ میں نیوزی لینڈ کا سامنا کرنا ہوگا۔میزبان ٹیم کو شکست اور پاکستان جمعے کو لارڈز میں بنگلا دیش پر فتح حاصل کرلے تو 11پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل میں جگہ پکی کرلے گا،اگر انگلینڈ نے نیوزی لینڈکو مات دیدی اور پاکستان نے ٹائیگرزکو ہرادیا توگرین شرٹس اور کیویز کے11،11پوائنٹس اور فیصلہ نیٹ رن ریٹ پر ہوگا، اس وقت نیوزی لینڈ کا رن ریٹ پاکستان سے بہتر ہے۔7پوائنٹس کا حامل بنگلا دیش بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد سیمی فائنل کی دوڑ سے باہرہوچکا ہے۔ پاکستان کو مات دینے کے ساتھ انگلینڈ کی نیوزی لینڈ سے شکست کی دعابھی اب کسی کام کی نہیں ۔بھارت نے 8میچز کھیلے اور13پوائنٹس ہیں، سری لنکا سے میچ اب بھی باقی ہے، بلو شرٹسبنگلادیش کے خلاف فتح کے بعد رن ریٹ کی محتاجی سے آزادہوچکا ہے۔