ٹیم ورلڈ کپ نہ جیت سکی تو میرے لیے سارے ریکارڈز بے معنی ہوں گے، اسٹارک

99

لندن(جسار ت نیوز)اسٹار آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے کہا ہے کہ اگر ٹیم ورلڈ کپ نہ جیت سکی تو میرے لئے سارے ریکارڈز بے معنی ہوں گے، فتوحات کے باوجود ابھی بعض جگہوں پر بہتری کی ضرورت ہے، کامیابیوں سے ٹیم کا مورال بلند ہوا ہے اور اب سیمی فائنل اور فائنل کیلئے حکمت عملی تیار کر رہے ہیں۔اسٹارک نے ورلڈ کپ ٹورنامنٹس کی تاریخ میں تین مرتبہ اننگز میں 5 یا زائد وکٹیں لیکر نیا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے اس کے ساتھ ساتھ اب انہیں ایک ٹورنامنٹ میں سابق ہم وطن بولر گلین میگراتھ کی زیادہ وکٹوں کا ریکارڈ توڑنے کیلئے مزید تین شکارز درکار ہیں۔اسٹارک نے اپنے بیان میں کہا کہ میرے لئے ہمیشہ انفرادی ریکارڈ سے زیادہ ٹیم کی جیت اہم رہی ہے اسلئے میں سمجھتا ہوں کہ اگر ٹیم ورلڈ کپ ٹائٹل نہ جیت سکی تو میرے لئے سارے ریکارڈز بے معنی ہیں۔
1992اور2019کے ورلڈ کپ میں کیاآج کے میچ میں بھی مماثلت ہو گی
لندن (جسارت نیوز)انیس سو بانوے اور موجودہ دو ہزار انیس ورلڈکپ میں اب تک کئی مماثثلتیں پائی جاچکی ہیں ایسے میں پاکستان کے اب تک کے نتائج بالکل اسی طرح سامنے آئے ہیں جس طرح بانوے ورلڈکپ میں ہوا تھا۔پاکستان کی سیمی فائنل میں رسائی اس وقت بھی اگر مگر کا شکار تھی جبکہ آج بھی کچھ اسی طرح کی صورتحال ہے۔ پاکستان کو سیمی فائنل میں کوالیفائی کیلیے کیویز کے ہاتھوں انگلینڈ کی شکست کا انتظار ہے۔ 92 کے ورلڈکپ میں جب یہ دونوں ٹیمیں آپس میں ٹکرائی تھیں تو کیویز نے انگلینڈ کیخلاف سات وکٹوں سے میدان مار لیا تھا۔انگلینڈ کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز اسکور کیے تھے جسے نیوزی لینڈ کی ٹیم نے باآسانی 3 وکٹوں پر 41 ویں اوور میں پورا کرلیا تھا۔
انگلینڈ نیوزی لینڈ میچ کے بعد صورتحال واضح ہوگی، آرتھر
لندن (جسارت نیوز)پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا پاکستانی ٹیم کے ساتھ مستقبل ٹیم کی مجموعی کارکردگی سے وابستہ ہے۔مکی آرتھر کہتے ہیں کہ ورلڈ کپ کی منزل ہمارے ہاتھ میں ہے۔ سب سے آسان فارمولا یہ ہے کہ آج نیوزی لینڈ انگلینڈ کو ہرادے۔ اگر انگلینڈ ہار گیا تو ہمیں حساب کتاب سے آگے جانا ہوگا۔ صورتحال انگلینڈ نیوزی لینڈ میچ کے بعد واضح ہوگی، ہفتے کو بھی میچ ہے لیکن جمعے تک سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہوسکتی ہے۔منگل کو لندن میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مکی آرتھر نے کہا کہ جمعے تک چوتھی پوزیشن کے لئے ٹیم کا فیصلہ ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وہاب ریاض کا ہاتھ بہتر ہورہا ہے، اس نے افغانستان کے خلاف زخمی حالت میں بہت اچھی بولنگ کی پھرپندر ہ میچ وننگ رنز بنائے۔ وہاب کے لئے ورلڈ کپ بہت اچھا ٹورنامنٹ رہا ہے۔