کینسر کے علاج کے حوالے سے نجی اداروں سے تعاون کریں گے،مراد علی شاہ

228
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے کینسر فائونڈیشن کاوفد چیئرمین مقصود انصادی کی سربراہی میں ملاقات کررہاہے
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے کینسر فائونڈیشن کاوفد چیئرمین مقصود انصادی کی سربراہی میں ملاقات کررہاہے

کراچی (آئی این پی) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کینسر کے مریضوں کا علاج بہت زیادہ مہنگا اور نجی شعبے میں غریب مریضوں کی استطاعت سے باہر ہے لہٰذا ان کی حکومت سرکاری سطح پر کینسر کے علاج کے حوالے سے سہولیات کے قیام کے لیے کوشاں ہے اور ویلفیئر اداروں کے طورپر چلنے والے اسپتالوں میں علاج معالجے کے اخراجات کے حوالے سے تعاون بھی کرے گی۔وہ منگل کو کینسر
فائونڈیشن کے وفدجس کی سربراہی چیئرمین مقصود انصاری کررہے تھے ،سے گفتگو کررہے تھے ۔ وفد کے دیگر اراکین میں انجینئر حاجی ناظم ، سرجن عابد جمال شامل تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو اور سیکریٹری صحت سعید اعوان نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ کو اس موقع پر آگاہی دی گئی کہ کراچی میں 40 ریڈیئیشن مشینوں کی منظوری دی گئی ہے۔ مزیر بریفنگ میں بتایا گیا کہ کرن اسپتال میں کینسر کے مریض ریڈیئیشن کیلیے 2 ماہ کے انتظار پر ہوتے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت پی پی پی موڈ یعنی مخیر حضرات کے ذریعے ریڈیئیشن مشین خریدنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت مددکرے گی تاکہ 12 لاکھ خرچے والے کینسر کے مریضوں کا علاج 2 لاکھ تک ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے جس طرح دل کے علاج کا بہتر کام کیا ہے اس طرح کینسر کے مریضوں کیلیے بھی کرنا چاہتے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے سیکریٹری صحت، کینسر فائونڈیشن کے چیئرمین کو ہدایت دی کہ سیکریٹری فنانس کے ساتھ میٹنگ کر کے مالی مدد کو یقینی بنایا جائے۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم مالی مشکلات کا شکار ہیں لیکن انسانیت کی خدمت کیلیے بھرپور اقدامات اٹھائیں گے۔

مراد علی شاہ