ایم کیو ایم کے روایتی ہتھکنڈوں کو شہریوں نے ناکام بنادیا،سعید غنی

150

کراچی (آئی این پی) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم اپنی روایتی سیاست کے تحت آج بھی شہریوں کو پہلے بحرانوں میں مبتلا کرتی ہے اور بعد میں انہیں کو لے کر مظاہرے کرتی ہے لیکن گذشتہ روز کراچی کے شہریوں نے ان کی روایتی ہتھکنڈوں کو ناکام بنا کر ان کی کال کو مسترد کردیا۔ عوام وفاقی حکومت اور اس کی معاشی دہشتگردی سے تنگ ہیں۔ کے ایم سی بجلی کے ریگولر بلز بھی ادا نہیں کررہی ہے جبکہ ہم نے سپریم کورٹ کی ہدایات پر 58 کروڑ میں سے کے الیکٹرک سے کیے گئے معاہدے کے تحت 34 کروڑ کی ادائیگی بھی کردی ہے۔ گورنر سندھ کے پاس ایسا جادو ضرور ہے کہ سب رات 10 بجے کے بعد
مدہوش ہوجاتے ہیں۔ پیپلز پارٹی میں فارورڈ بلاک کی خبریں ماضی میں بھی پھیلائی جاتی رہی ہیں لیکن اس کی خواہش رکھنے والوں کو ہمیشہ ناکامی ہی ہوئی ہے۔ سید ناصر حسین شاہ الیکشن کمیشن کے قواعد و ضوابط کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے گھوٹکی الیکشن کی مہم میں جانے کی وجہ سے وزارتوں سے مستعفی ہوئے ہیں۔وہ منگل کوسندھ اسمبلی کے اجلاس سے قبل میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ سعید غنی نے کہا کہ گذشتہ روز ایم کیو ایم نے ناکام مظاہرہ کیا اور اس کی وجہ شہریوں کی جانب سے ان کی کال کو مسترد کرنا تھی۔ انہوںنے کہا کہ ایم کیوایم آج بھی اپنی روایتی سیاست جس میں پہلے خود بندہ مارو، پھر اس کا جنازہ اٹھاتے، اس کی تدفین، سوئم، چہلم اور برسی مناتے ہیں اور اب یہ کام انہوں نے واٹر بورڈ کے معاملے پر بھی شروع کیا ہے کہ پہلے خود پانی اور سیوریج کے نظام کو تباہ کرتے ہیں اس کے بعد وہ انہی شہریوں کو لے کر احتجاج کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دو روز قبل بھی ملیر نیشنل ہائی وے پر سیوریج کا سنگین مسئلہ ہوا اور وہاں بنائی گئی نئی سڑک کو بھی اس سے نقصان پہنچا اور جب وہاں واٹر بورڈ نے کام شروع کیا تو معلوم ہوا کہ لائن میں بہت بڑا پتھر پھنسایا کر سیوریج کے نظام کو تباہ کیا گیا تھا۔
سعید غنی