آسٹریلیا: دہشت گردی کے منصوبے کا الزام‘ 3 افراد گرفتار

163

کینبرا (انٹرنیشنل ڈیسک) آسٹریلیا میں داعش سے تعلق کے الزام میں 3 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ آسٹریلوی پولیس کے اعلیٰ افسر کا کہنا تھا کہ ملزمان پر شبہہ ہے کہ وہ سڈنی میں دہشت گردانہ حملوں کی منصوبہ بندی میں مصروف تھے اور انہیں ابتدائی مرحلے ہی میں گرفتار کرلیا گیا۔ ان کے منصوبے میں پولیس اور دفاعی عمارتوں کے ساتھ سفارتی مشن، عدالتوں اور گرجا گھروں کو نشانہ بنانا شامل تھا۔ پولیس کے مطابق مشتبہ افراد میں 20سالہ نوجوان بھی شامل ہے، جو ایک سال سے اپنی مشکوک سرگرمیوں کی وجہ سے مسلسل نگرانی میں تھا۔ ملزمان آسٹریلیا میں اپنے منصوبوں کی تکمیل کے بعد افغانستان جاکر وہاں فعال ہوتی داعش کی مسلح کارروائیوں میں شرکت کا ارادہ رکھتے تھے۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق ان پر دہشت گراد حملوں کی سازش کرنے کی فرد جرم عائد کی جا سکتی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق مشتبہ نوجوان کو عمر قید کی سزا بھی ہوسکتی ہے اور بقیہ 2کو بھی طویل مدتی سزائیں سنائے جانے کا امکان ہے۔ ان گرفتار شدگان میں 23سالہ شخص کو دہشت گردتنظیموں کے ساتھ رابطے رکھنے کے الزام کا بھی سامنا ہے۔ آسٹریلوی پولیس نے گرفتار ہونے والے تیسرے شخص کی عمر 30برس بتائی ہے، جو اپنے ساتھیوں کے ساتھ منصوبہ بندی میں مالی معاون کے طور پر شریک تھا۔ مشتبہ شخص لوگوں کو نوکریوں کا لالچ دے کر پیسے ہتھیاتا رہا۔ تینوں کو ابتدائی چھان بین کے بعد آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ پولیس کے مطابق مشتبہ ملزمان کی منصوبہ سازی ابتدائی مرحلے میں تھی۔ واضح رہے کہ گزشتہ برس ستمبر کے بعد آسٹریلوی پولیس نے سولہویں مرتبہ دہشت گردحملے کی سازش کو ناکام بنایا ہے۔
جرمنی میں شدید گرمی روس میں سیلاب سے 12 ہلاک
برلن؍ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک) دنیا بھر میں موسمیاتی تبدیلیوں سے عوام پریشان ہوگئے۔ جرمنی میں گزشتہ ماہ کا آخری دن انتہائی گرم رہا۔ جون میں شدید گرم موسم کی وجہ سے لوگوں نے گھروں میں رہنے کو ترجیح دی۔ جرمن ریاست رائن لینڈ پلاٹینیٹ میں درجہ حرارت 38.9 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ دوسری جانب روس میں سیلاب کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک اور 9 زخمی ہو گئے۔ روسی حکام کے مطابق ارکتسک کے علاقے میں ایک ہفتے سے جاری شدید بارش بعد سیلاب آنے سے 3 ہزار گھر متاثر ہوئے، ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔