روسی بری افواج کے سربراہ کی ائر چیف مجاہد انورسے ملاقات

162

اسلا م آباد (خبر ایجنسیاں) روس کی بری افواج کے سربراہ جنرل اولیگ سلیوکوف نے پاک فضائیہ کے سربراہ ائر چیف مارشل مجاہد انور خان سے ملاقات کی‘ ملاقات کے دوران علاقائی سلامتی اور باہمی تعاون سے متعلق مختلف امور زیر بحث آئے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان موجود باہمی تعاون اور دفاعی تعلقات کو مزید فروغ دینے پر زور دیا۔ اس سے قبل جنرل اولیگ سلیوکوف نے منگل کو ائر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔ ان کی آمد پر پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ معزز مہمان نے پاک فضائیہ کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے یاد گارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ علاوہ ازیں پاک فضائیہ کے سربراہ ائر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی خوشحالی کا دار و مدار بلوچستان کی ترقی پر ہے، پاک فضائیہ دوسرے ملکی اداروں کے ساتھ مل کر بلوچ نوجوانوں کو قومی ترقی کے دھارے میں لانے کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے۔ انہوں نے یہ بات منگل کو نیشنل سیکورٹی ورکشاپ بلوچستان کے شرکاکے ائر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔