سزا کاٹنے کے باوجود جرمانہ ادا کرنا ہوگا،عدالت عظمیٰ نے فیصلے کی وضاحت کردی

244

اسلام آباد (آن لائن) عدالت عظمیٰ میں سابق کیشیئر ڈی سی آفس محمد کلیم بھٹی کی جرمانے کے بدلے سزا کاٹنے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی‘ عدالت نے ملزم محمد کلیم کو ڈیڑھ کروڑ جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیتے ہوئے قرار دیا کہ سزا کاٹنے کے باوجود جرمانہ بہرصورت ادا کرنا ہوگا‘ جرمانہ ادا نہ کرنے پر جو سزا کاٹی جاتی ہے‘ وہ جرمانہ ادا نہ کرنے کے جرم میں ہوتی ہے‘ ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں عدالت عظمیٰ کے فیصلے کو مدنظر نہیں رکھا‘ عدالت عظمیٰ اپنے فیصلے میں واضح کر چکی ہے کہ جرمانہ بہرصورت ادا کرنا ہوتا ہے۔ کیس کی سماعت چیف جسٹس آصف سعید خان کھوسہ کی سربراہی میں3 رکنی بینچ نے کی‘ دوران سماعت ملزم محمد کلیم بھٹی نے عدالت کو بتایا کہ میں نے جرمانے کے بدلے 2 سال قید کاٹی ہے۔ ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ آپ سزا کاٹ چکے‘ اب آپ جرمانہ ادا نہیں کرنا پڑے گا۔ چیف جسٹس نے اس موقع پر ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ہائی کورٹ نیعدالت عظمیٰ کا فیصلہ نہیں دیکھا‘ عدالت عظمیٰ اپنے فیصلے میں اس کی وضاحت کر چکی ہے۔ عدالت نے ملزم محمد کلیم کو ڈیڑھ کروڑ روپے جرمانے کی رقم ادا کرنے کا حکم دیتے ہوئے معاملہ نمٹا دیا ہے۔