عدالتوں میں انصاف ہوتا نظرآرہا ہے ، چودھری محمدسرور

326

لاہور(نمائندہ جسارت )گور نر پنجاب چودھری محمدسرور نے کہا ہے کہ عدالتوں میں انصاف ہوتا نظر آرہا ہے ،ہم آئین وقانون کی حکمرانی یقینی بنا رہے ہیں، جر م کرنیوالا کتنا ہی طاقتوار کیوں نہ ہو سزا سے بچ نہیں سکے گا۔ اوورسیز پاکستانیوں کے مقدمات سننے کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس جواد حسن کی اسپیشل تعیناتی چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کا تاریخی اقدام ہے، اضلاع میں بھی مقدمات سننے کے لیے ا سپیشل جج موجود ہوں گے، اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے حکومت عدلیہ اور واورسیز کمیشن ایک پیج پر ہیں ۔عمران خان کی قیادت میں اوورسیز پاکستانیوں کو انکا حق دینے کا وعدہ پورا کیا جائیگا۔ وہ لاہور میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حوالے سے سیمینارسے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پرچیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سردارمحمد شمیم خان، جسٹس جوا د حسن، رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ، اوورسیز کمیشن پنجاب کے سربراہ جاوید اقبال بخاری، وائس چیئر مین اورسیز کمیشن محمد وسیم رامے سمیت وکلا کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ گور نر پنجاب نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے ساتھ ساتھ سیاست میں بھی اوورسیز پاکستانیوں کا انتہائی اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اور سیز پاکستانی ملک میں سر مایہ کاری کر یں ہر قسم کا تحفظ فراہم کیا جائیگا ۔