پاکستان روس کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے،اسد قیصر

391

ماسکو(اے پی پی)اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے اسٹیٹ ڈوما کے چیئرمین ولو دین وائیا نے ماسکو میں منعقدہ ’’پارلیمانی نظام کی ترقی‘‘ کے موضوع پر منعقد ہونے والی کانفرنس کے موقع پر ملاقات کی،جس میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی ترقی سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان روس کے ساتھ اپنے پارلیمانی، سفارتی، تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ اسد قیصر نے پاکستان اور روس کے مابین اقتصادی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ پارلیمانی کمیشن بنانے کی تجویز دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کی بدولت سرمایہ کاری کے مواقع میں اضافہ ہوا ہے جن سے روس کے سرمایہ کار مستفید ہوسکتے ہیں۔خطے اور عالمی امن کے فروغ، سماجی و معاشی اور افرادی قوت کی ترقی کے لیے پارلیمانی کانفرنسز کے باقاعدگی سے انعقاد کی تجویز دی ہے۔ پاکستان میں صنعتی ترقی کے لیے روس کے تعاون سے قائم کی جانے والی اسٹیل مل ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ تجارت، سرمایہ کاری، فضائی سیکورٹی، دفاع، ثقافت اور تعلیم کے شعبوں میں دونوں ممالک میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔دونوں ممالک کے مابین خطے کے درپیش مسائل جن میں دہشت گردی اور انتہاء پسندی کا خاتمہ، انسانی اور منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام اور سماجی و اقتصادی شعبوں کی ترقی کے لیے دوطرفہ تعاون کو فروغ دینا ضروری ہے۔اسپیکر نے دونوں ممالک کے مابین موجودہ تجارتی حجم پر اطمینان کا اظہار کیا جو 314 ملین ڈالر ہے اور اس میں اضافے کی ضرورت پر زور د یا ۔