سیاسی جماعتیں اختلافات بھلا کر پاکستان کو مضبوط بنائیں‘خواجہ معین الدین

197

کراچی( اسٹاف رپورٹر ) درگاہ کوٹ مٹھن شریف کے سجادہ نشین پیرخواجہ معین الدین محبوب کوریجہ نے کہا ہے کہ اتحاد امت وقت کی اہم ضرورت ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر پاکستان کو مضبوط و مستحکم کرنا چاہیے خاص طور پر اس حوالے سے دینی جماعتوں کو میدان عمل میں آکر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے کیونکہ پاکستان ہی ہماری شناخت ہے اس کی ترقی، خوشحالی اور سا لمیت میں ہی ہماری بقا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباآڈیٹوریم میں اپنے اعزاز میں دیے گئے استقبالیے سے خطاب کے دوران کیا۔ صوبائی امیر محمد حسین محنتی، قیم کاشف سعید شیخ، نائب امیر حافظ نصراللہ عزیز، عبدالغفارعمر، سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا، این ایل ایف سندھ کے صدر سیدنظام الدین شاہ و دیگر ذمے داران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی مخالف فورسز اکٹھی اور اسلام و ملک کے خلاف سازشوں میں مصروف ہو چکی ہیں۔ اس وقت ملک بحران سے دوچار ہے جس کا دشمن قوتیں فائدہ اٹھانا چاہتی ہیں۔ اس لیے آج وقت کی ضرورت ہے کہ سیاسی جماعتوں کو اپنے معمولی معمولی اختلافات کو بھلا کر سنجیدگی کا مظاہرہ، اتحاد و یکجہتی کے ذریعے دشمن قوتوں کی سازشوں کو ناکام بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ باب الاسلام اور صوفیوں، بزرگوں اور اولیا اللہ کی سرزمین ہے جنہوں نے ہمیشہ انسانیت کی خدمت اور اللہ سے جڑنے کا درس دیا ہے یہی وجہ ہے کہ آج کروڑوں لوگ ان درباروں کے ساتھ وابستہ ہیں۔ جماعت اسلامی کو چاہیے کہ وہ ان کروڑوں لوگوں تک بھی اپنی دعوت و پیغام پہنچائے۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیرمحمد حسین محنتی نے کہاکہ جماعت اسلامی اتحاد امت کی داعی اورملک کی نظریاتی وجغرافیائی سرحدوں کی محافظ ہے،جماعت اسلامی اس وقت ایک طرف مہنگائی اورظلم وناانصافیوں کے مارے عوام کے حقوق کے لیے میدان عمل میں ہے تو دوسری طرف اسلام کے غلبے کے لیے جدوجہد کررہی ہے۔انہوں نے پیرمحبوب کوریجہ کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔