صرف 9 ماہ میں ساڑھے 54 ارب کمائے، 4 ارب خسارہ کم کیا، شیخ رشید

239

راولپنڈی (آن لائن) ریلوے کے وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ریلوے کا قلمدان سنبھالنے کے بعد ابتدائی 9 ماہ میں ریلوے کے خسارے میں 4 ارب روپے کی کمی واقع ہوئی ہے اس دورانئے میں ریلوے نے 54 ارب 59 کروڑ روپے کمائے، 24 نئی ٹرینیں چلائیں، آج وزیراعظم راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر سرسید ایکسپریس کا افتتاح کریں گے، اس کے بعد 160 کوچز کے ساتھ جلد ایک اور نئی ٹرین کا بھی آغاز کریں گے، ریلوے ہیڈ کوارٹرز کو کراچی منتقل کرنے کے ساتھ اگست میں ریلوے کو جدید ترین کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم دیں گے جبکہ نجی شعبے کے اشتراک سے ریلوے انکوائری 117 کو بھی پرائیویٹ کال سینٹر بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر اپنے حالیہ دور وزارت میں ریلوے کی 9 ماہ کی کار کردگی کے حوالے سے پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ شیخ رشید نے کہا کہگزشتہ دور میں ساڑھے 49 ارب روپے کماکر چھاتی چوڑی کرنے والے وزیر موصوف جان لیں کہ ریلوے نے اپنے موجودہ 9 ماہ میں 54 ارب 59 کروڑ روپے کمائے ہیں، خسارے میں 4 ارب روپے کی واضح کی کمی آئی ہے جو ملکی تاریخ میں ایک ریکارڈ ہے۔ سال 2017-18 میں سالانہ خسارہ 36 ارب 62 کروڑ روپے تھا جو آج 4 ارب 3 کروڑ روپے کی کمی کے ساتھ 32 ارب 59 کروڑ روپے رہ گیا ہے حالانکہ ہمارے دور میں تیل کی قیمتوں میں اضافے سے ہمیں 4 ارب روپے کی اضافی قیمت پر تیل خریدنا پڑا اور جو تیل 70 ارب میں ملتا تھا وہ اب 110 ارب تک پہنچ چکا ہے۔ ہم نے پہلے سال 60 لاکھ مسافروں کا اضافہ کیا اس ہدف کو بھی جلد 1 کروڑ تک لے جایا جائے گا۔ میرا یہ عہد ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں 5سالہ مدت میں ریلوے کو خسارے سے نکال کر منافع بخش ادارہ بنائیں گے۔ خسارے میں کمی کا اصل سہرا ریلوے افسران اور ملازمین کے سر ہے اور اگر آئندہ 6 ماہ یہی صورتحال رہی تو اپنے اختیارات استعمال کرکے ریلوے مزدور کی تنخواہ میں 10 فیصد کا مزید اضافہ کروں گا۔