وطن کی خدمت کے لیے حاضر ہوں، ڈاکٹر عبدالقدیر خان

266

لاہور(نمائندہ جسارت)نامور ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی ہاشو گروپ کے چیئرمین صدر الدین ہاشوانی سے ملاقات ہوئی، جس میں ملکی صورتحال اور عوام کو درپیش صحت اور تعلیم سے متعلق دیگر مسائل پر بات چیت کی گئی۔انہوںنے اتفاق کیا کہ اس وقت حکومت کو اندرون اور بیرون ملک بڑے سنگین قسم کے چیلنجز کا سامنا ہے اور حکومت اپنی ٹیم میں اپنے اپنے شعبے کے ماہر لوگوں کو شامل کرے،جو ان درپیش چیلنجز سے نجات دلانے میں مدد فراہم کرے۔صدر الدین ہاشوانی نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی ملک و قوم کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ اس مشکل وقت میں اپنی خدمات پیش کریں او رہر شعبہ زندگی کے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اس کڑے وقت میں حکومت کا ساتھ دیں ۔ اس موقع پر ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا کہ الیکشن سے پہلے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقاتیں ہو چکی ہیں، اگر وزیر اعظم کو ملکی مفاد میں میری خدمات چاہییںتو میں حاضر ہوں،مجھے وطن کی خدمت کے لیے کسی عہدے یا مراعات کی ضرورت نہیں ہے۔