نو ماہ کے دوران 66 لاکھ ٹن خام تیل درآمد

176

اسلام آباد (اے پی پی) ملک میں تیل کی طلب پوری کرنے کے لئے گزشتہ مالی سال کے ابتدائی 9 ماہ دوران 66 لاکھ ٹن خام تیل درآمد کیا گیا جبکہ ملک کے اندر خام تیل کی پیداوار میں 12.8 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ پٹرولیم ڈویژن کے ذرائع کے مطابق جولائی 2018ء سے مارچ 2019ء تک درآمد کئے جانے والے تیل کے حجم میں 15.38 فیصد کی کمی دیکھنے میں آئی۔ 2017-18ء کے اس عرصہ میں 78 لاکھ ٹن خام تیل درآمد کیا گیا تھا۔ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے ایک کروڑ 33 لاکھ ٹن کی مختلف پٹرولیم مصنوعات توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لئے درآمد کی تھیں جن میں ہائی سپیڈ ڈیزل، پٹرول، ہائی سلفر فیول آئل ، جیٹ فیول سمیت دیگر پٹرولیم مصنوعات شامل ہیںاور اس عرصہ میں متحدہ عرب امارات، عمان، کویت ، سعودی عرب، سنگاپور، ملائیشیا سمیت 9 ممالک سے یہ پٹرولیم مصنوعات درآمد کی گئیں۔ گزشتہ مالی سال کے ابتدائی 9 ماہ کے دوران ملک میں خام تیل کی مجموعی پیداوار 2 کروڑ 40 لاکھ بیرل رہی ہے جو 2017-18ء کے اس عرصہ میں 2 کروڑ 18 لاکھ بیرل تھی۔ اوگرا درآمد کی جانے والی پٹرولیم مصنوعات کے معیار اور ٹیسٹنگ کو یقینی بنانے کے لئے مؤثر حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔ ملک کے اندر تیل اور گیس کے شعبے میں سرمایہ کاری میں اضافے اور تیل اور گیس کے نئے ذخائر کی نئی دریافت سے درآمدی بل میں مزید کمی آسکتی ہے۔