اپوزیشن کے الزامات فیڈریشن میں مسلسل شکست کا ماتم ہے،گلزارفیروز

480

کراچی(اسٹاف رپورٹر) یونائٹیڈ بزنس گروپ کے ترجمان گلزار فیروز نے کہا ہے کہ فیڈریشن میں برائے نام اپوزیشن رہنمائوں کی جانب سے ایف پی سی سی آئی کے عہدیداران اور یو بی جی لیڈران پر بہتان تراشیاں دراصل انکی فیڈریشن کے انتخابات میںمسلسل شکستوں کا ماتم ہے،اپوزیشن رہنماء اور پٹے ہوئے مہرے مسلسل چھٹی بار بزنس کمیونٹی کو بے وقوف بنانے کی کوششوں میں مصروف ہیں لیکن پاکستان کی کاروباری برادری یو بی جی کے لیڈران ایس ایم منیر اور افتخار علی ملک کی قیادت میں متحد ہے۔یو بی جی ترجمان نے کہا کہ پانچ سال پہلے پاکستان کی بزنس کمیونٹی کی جانب سے ٹھکرائے ہوئے اورفیڈریشن ممبران کے اعتماد کو دھوکہ دینے والے اپوزیشن میں موجودموقع پرست عناصراور نااہل افراد کو اب پاکستان بھر کی بزنس کمیونٹی قبول کرنے کو تیار نہیں ہے، مسلسل شکستوں کے بعد عہدوں کے شوقین افراد بے بنیاد الزامات کی سیاست سے اپنے آپ کو زندہ رکھنے کی کوششیں کررہے ہیںلیکن پاکستان کی کاروباری برادری کو بخوبی علم ہے کہ ماضی میں اپنے ماتھے پر بدعنوانیوں، گیس چوری،کرپشن کے تمغے سجائے لوگ ایک بار پھر فیڈریشن پر قبضہ کرنے کے خواب دیکھ رہے ہیں لیکن فیڈریشن کے آئندہ الیکشن میں بھی اپوزیشن کا یہ خواب پورا نہیں ہوپائے گا اس لئے اپوزیشن ایک اور شکست کا مزہ چکھنے کیلئے تیارر ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن رہنماء اخلاقیات کا دامن ہاتھ سے چھوڑ کریو بی جی لیڈر شپ کے خلاف بیانات دے رہے ہیں مگر ہم شائستگی کا دامن نہیں چھوڑیں گے۔گلزارفیروز نے کہا کہ گزشتہ پانچ سال میں ہمارے لیڈران ایس ایم منیر اور افتخار علی ملک نے فیڈریشن کے وقار کو جس طرح سنبھال کر رکھا ہے اور عالمی سطح پر ایک بار پھر بزنس کمیونٹی کے اس قومی ادارے کے نام کواجاگرکیا ہے ہمیں اس پر ناز ہے، ہمیں یو بی جی کے پلیٹ فارم سے منتخب ایف پی سی سی آئی کے تمام عہدیداران کی کارکردگی پر فخر ہے۔انکا کہنا تھا کہ یو بی جی کے تمام ورکرز چیئرمین افتخار علی ملک اور سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر کی ہدایت پرآئندہ الیکشن کیلئے جلد ہی کام شروع کردیں گے۔