بلوچستان کے وسائل دوسرے صوبوں میں استعمال ہورہے ہیں،زاہد اختر بلوچ

185

کوئٹہ(نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی عوامی مارچ ،28جولائی جلسہ’’ بلوچستان کوحقوق دوبلوچستان بھی پاکستان ہے‘‘کے حوالے سے اہم اجلاس جماعت اسلامی کے سیاسی کمیٹی کے صدر وصوبائی نائب امیر زاہد اختربلوچ نے کہا کہ بلوچستان کو حقوق دینے کیلیے مخلصانہ جدوجہد اور قومی سطح پر حمایت کیساتھ بلوچستان کی قیادت،قومی جماعتوں اورمیڈیا کو بھی مخلصانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔ جماعت اسلامی نے آج سے صوبہ بھر میں’’ بلوچستان کوحقوق دوبلوچستان بھی پاکستان ہے‘‘کے تحت مہم کا آغازکر دیا ہے اس مہم کے تحت صوبے بھر میں تقاریب منعقد ہوںگی عوامی مارچ کا مرکزی جلسہ 28 جولائی کو کوئٹہ میں ہوگا جس میں سینیٹر سراج الحق خصوصی شرکت کریں گے۔امرائے اضلاع مہم کو کامیاب بنانے کیلیے بھر پور جدوجہد کریں ۔ان خیالات کااظہار انہوںنے بلوچستان کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلا س میں افتخار احمد کاکڑ ، مولانا عبدالحمیدمنصوری،غلام یاسین بلوچ ،عبدالنعیم رند ، غلام فاروق مہمند ودیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر مہم ’’بلوچستان کوحقوق دوبلوچستان بھی پاکستان ہے‘‘کے حوالے سے مشاورت ہوئی اور اضلاع وذمے داران کیلیے کام تفویض کیے گیے ۔شرکا نے کہا کہ بلوچستان کو وفاق کیساتھ صوبائی حکومتوں اور صوبائی جماعتوں نے بھی نظر انداز کیا ہے ،قومی جماعتوں کیساتھ میڈیاکو بھی بلوچستان مسائل اجاگر کرنے میں مخلصانہ کردار اداکرنا چاہیے بلوچستان ترقی کریگاتو پاکستان ترقی کرسکتاہے۔ ملک دشمن قوتوں کی سازشوں کوناکام بنانے اور اہل بلوچستان پریشانی ومسائل کے دلدل سے نکالنے کیلیے بلوچستان کو ترقی وخوشحالی کے سفرمیں دیگر صوبوں کے برابر لانا ہوگا بلوچستان کے عوام پینے کے پانی کو ترستے صوبے کے اپنے علاقوں میں گیس وبجلی نہیں اور یہاں کے وسائل دوسرے صوبوں میں استعمال ہورہے ہیں یہ معیار تباہ کن ہے صوبے کو سی پیک میں نظر اندازکرنے کے بھیانک نتائج نکلیں گے بلوچستان کے مظلوم نوجوانوں کو روزگار ،صوبے کے عوام کو صحت وتعلیم کی سہولیات میسر کرنے کیساتھ صوبے کو بجلی وگیس لوڈ شیڈنگ سے استثنا دیاجائے تاکہ احساس محرومی کا خاتمہ ہوجائے۔