قنبر علی خان پی ٹی سی ایل ایکسچینج میں فنی خرابی صارفین کی مشکلات میں اضافہ

218

قنبرعلی خان(نمائندہ جسارت) پی ٹی سی ایل ایکسچینج قنبر کے سوئچ روم میں آئے روز تیکنیکی خرابیاں پیدا ہونا ، ٹیلیفون اور انٹرنیٹ سروس کئی کئی روز تک معطل رہنے کے خلاف قنبر کے سیکڑوں صارفین نے پی ٹی سی ایل ایکسچینج قنبرکے سوئچ روم انچارج رحمت اللہ گوپانگ کے خلاف بڑا احتجاجی مظاہرہ کرکے قنبر کے مرکزی بھٹو چوک پردھرنا دے کرٹریفک کے نظام کو معطل کردیا۔ اس موقع پر گل محمد جونیجو، نعت اللہ میمن ، محرم چانڈیو اور غلام قادر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ قنبر فون ایکسچینج کے سوئچ روم میں آئے روز تیکنیکی خرابیاں پیدا ہونا روز کا معمول بن چکا ہے جس کی وجہ سے قنبر کے سیکڑوں فون نمبرز بیک وقت دھماکے سے بند ہوجاتے ہیں اور کبھی کبھار تو فون نمبرز کئی کئی ہفتے تک بحال نہیں کیے جاتے جس سے ایک طرف صارفین لینڈ لائن کی سہولت کے ساتھ انٹرنیٹ سروس کی سہولت سے بھی یکسر محروم ہوجاتے ہیں اور ان کا رابطہ اندرون ملک سمیت پوری دنیا سے منقطع ہوجاتا ہے جس سے صارفین سخت اذیت کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ فون صارفین کے ساتھ یہ سلسلہ گزشتہ کئی ماہ سے مسلسل جاری ہے اور وہ ہزاروں روپے کے بل ہرماہ محکمہ پی ٹی سی ایل کو بغیر کسی فون اور انٹرنیٹ سروس استعمال کرنے کے ادا کررہے ہیں جس سے متعدد صارفین نے تنگ آکر اپنے فون ہمیشہ کیلیے منقطع کرادیے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ قنبر فون سوئچ روم کے انچارج جو ایک اعلیٰ سیاسی سفارش کے حامل ہیں ، گزشتہ 15 برسوں سے قنبر فون ایکسچینج میں ہی مقرر ہیں جن کا تاحال تبادلہ نہیں کیا گیا ہے جنہوں نے فون ایکسچینج سوئچ روم کو مکمل طور پر تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے جو مکمل طور پر ڈیوٹی چور ہے جس نے اپنے دفتر کو ہر وقت چوکیدار کے حوالے کردیا ہے۔ اس سلسلے میں صارفین نے کہاکہ ہم پی ٹی سی ایل چیئرمین سے مطالبہ کرتے ہیں کہ قنبر کے نااہل سوئچ روم انچارج کو فوری ہٹاکر قنبر فون سوئچ روم میں کسی اہل شخص کو انچارج مقرر کرکے صارفین میں پائی جانے والی پریشانی اور اذیت کو دور کیا جائے۔