سرکاری اسپتالوں میں صفائی اورادویات کی فراہمی کا خاص خیال رکھا جائے

189

لاہور (آ ئی این پی)صوبائی سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر زاہد اختر زمان نے کہا ہے کہ اسپتالوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے۔تفصیلات کے مطابق صوبائی سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر زاہد اختر زمان نے جنرل اسپتال فیصل آباد اور ضلع کے مختلف تحصیل ہیڈ کوارٹرز اور دیہی صحت مراکز کا اچانک دورہ کیا، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز پنجاب ڈاکٹر ہارون جہانگیر بھی ان کے ہمراہ تھے۔زاہد اختر زمان نے جنرل اسپتال فیصل آباد کے علاوہ تحصیل ہیڈ کوارٹرز سمن آباد، جڑانوالہ، دیہی صحت مراکز لانڈیانوالا کا بھی دورہ کیا۔انہوں نے جنرل اسپتال فیصل آباد اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز کے مختلف وارڈز میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لیا اور مریضوں کی عیادت کی۔ زاہد اختر زمان نے ایم ایس جڑانوالہ کو ناقص کارکردگی پرمعطل کر دیا۔سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر زاہد اختر زمان نے اس موقع پر ہدایت کی کہ سرکاری اسپتالوں میں صفائی ستھرائی اور ادویات کی فراہمی کا خاص خیال رکھا جائے،زاہد اخترزمان نے کہا کہ اسپتالوں میں آنے والے مریضوں کے لیے زیادہ سے زیادہ آسانیاں پیدا کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اسپتالوں میں ڈاکٹرز سمیت تمام عملے کی حاضری کو مانیٹر کیا جا رہا ہے،سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے مزید کہا کہ اسپتالوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے۔