بدین، بوائز پرائمری اسکول کی نئی عمارت کی افتتاحی تقریب

154

بدین (نمائندہ جسارت) چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل بدین علی اصغر ہالیپوتہ کی کوششوں سے بدین کے یوسی ہالیپوتہ کے گائوں سابن دستی میں 22 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی بوائز پرائمری اسکول کی نئی عمارت کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین علی اصغر ہالیپوتہ نے کہا کہ کوئی کام مشکل نہیں ہوتا پر ہم سب کو مل کر تعلیم کے لیے کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم مزید کوشش کررہے ہیں کہ اس اسکول کو کیمپس میں شامل کیا جاسکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کی تعلیم پر توجہ دیں اور خاص طور پر اپنی بچیوں کو زیادہ سے زیادہ تعلیم دیں۔ انہوں نے کہا کہ جلد گرلز پرائمری اسکول کی بلڈنگ کے ساتھ سیکنڈری گرلز اسکول کی بلڈنگ بھی تعمیر کروائی جائے گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر پرائمری بدین محمد اسلم پٹھان نے کہا ہے کہ سابق ایم این اے ماتلی مرحوم حاجی عبداللہ ہالیپوتہ نے بھی اپنے دور میں تعلیم کے لیے اہم کردار ادا کرتے ہوئے یہاں اسکول تعمیر کروانے کے ساتھ لوگوں کو صحت اور سڑکوں کی تعمیر کی۔ ہالیپوتہ خاندان ہمیشہ غریب لوگوں کی خدمت کرتا رہا ہے، چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل علی اصغر ہالیپوتہ بھی اس نقش قدم پر چل رہا ہے۔ تقریب سے جاوید اقبال چانڈیو، عبیداللہ بھان نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب میں ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر بدین محمد عرس ہالیپوتہ، گائوں کے معززین، اسکول کے طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔