سہراب گوٹھ مویشی منڈی میں5جولائی سے قبل جانورلانے پرپابندی

565

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سہراب گوٹھ پر قائم ایشیا کی سب سے بڑی عارضی مویشی منڈی میں جانوروں کو رکھنے کیلیے بلاکس کو ہموار کرنے کا عمل جاری ہے جبکہ منڈی میں عوام کی سہولت کیلیے روشنی کے انتظامات کیے جارہے ہیں، بیوپاری اور عوام کی سہولت کے لیے کھانے پینے کے اسٹالز، پارکنگ اور اے ٹی ایم لگانے کا کام جاری ہے،سہراب گوٹھ مویشی منڈی میں قربانی کے جانوروں کیلیے پانی کے 2ہزار گیلن والے واٹر ٹینکر کے ذریعے مویشی منڈی میں قائم پو نے دو سو ٹینک میں روزانہ پانی مفت فراہم کیا جا ئے گا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ پانی کے استعمال سے مویشی صحت مند اور بیماریوں سے دور رہ سکیں،یہ بات مویشی منڈی میں پانی فراہم کرنے والے ٹھیکیدار شاہد غلام نبی نے جسارت سے خصو صی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ان کا کہنا تھا کہ منڈی میں مویشیوں کی تعداد میں اضافے کے ساتھ ساتھ قربانی کے جانوروں کے لیے وافر پانی کو یقینی بنایاجا ئے گا،مویشی منڈی میں بیو پا ریوں کو روزانہ 16لیٹر پانی مفت فراہم کیا جا ئے گا،اسکے علاوہ اگر بیو پاری کو پانی کی ضرورت ہو گی تو وہ ایک روپے پچاس پیسے فی لیٹر کے حساب سے پانی خرید سکتا ہے، ان کا کہنا تھا کہ بیو پاری کو پانی کی فراہمی کے لیے ہم نے خصوصی اقدامات کیے ہیں تاکہ منڈی میں پانی کی کمی نہ ہو سکے ،انہوں نے کہا کہ مویشیوں کے لیے وافر مقدارمیں پانی فراہم کیا جائے گا ۔ ملیر کنٹونمنٹ بورڈ کے خصوصی ہدایات پر مویشیوں کے لیے پانی جمع کرنے کی غرض سے نئے 50اسٹیل کے پانی کے ٹینک پہلی بار بنائے جا رہے ہیں جس کے ذریعے بیوپاریوں کو پانی کی فراہمی میں آسانی ہو گی،اس کے علاوہ ڈرم بھی بیوپاریوں میں مفت تقسیم کیے جا ئیں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ وافر پانی کی دستیابی اور بڑے پیمانے پر ان کو ذخیرہ کرنے کی سہولت فراہم کیے جانے کے بعد اب یہ بیوپاریوں کی ذمے داری ہے کہ وہ اپنے جانوروں کی صحت کا خصوصی خیال رکھیں اور پانی کو دیگر مقاصد میں ضائع نہ کریں۔ دوسری جانب سپر ہائی وے پر قائم عارضی مویشی منڈی میں منگل کی دوپہر مورو سندھ سے آنے والے بیوپاری کے ایک ٹرالر کو مویشی منڈی کی انتظامیہ نے جانور اتارنے سے روک دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو دوپہر 3 بج کر 47 منٹ پر مورو سندھ سے تعلق رکھنے والے بیوپاری کے مویشوں سے بھرے ٹرالر کو منڈی کی انتظامیہ نے جانور اتارنے سے روک دیا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 5 جولائی سے قبل کوئی ٹرالر یا ٹرک کو مویشی منڈی میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ 5 جولائی تک مویشی منڈی کے انتظامات مکمل ہونے کے بعد منڈی میں بیوپاریوں کو جانور لانے کی اجازت ہوگی۔ بیوپاری فی جانور کے حساب سے ادائیگی کر کے اپنے جانور منڈی میں فروخت کیلیے لا سکیں گے۔ بعد ازاں مورو سے آیا ہوا بیوپاری جانوروں سے بھرے ٹرالر کو سہراب گوٹھ مویشی منڈی سے ملیر کی مویشی منڈی میں لے گیا ۔