کراچی کے شہریوں نے ایم کیو ایم کا احتجاج مسترد کردیا، سعید غنی

173

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم اپنی روایتی سیاست کے تحت آج بھی شہریوں کو پہلے بحرانوں میں مبتلا کرتی ہے اور بعد میں انہیں کو لے کر مظاہرے کرتی ہے لیکن گزشتہ روز کراچی کے شہریوں نے ان کے روایتی ہتھکنڈوں کو ناکام بنا کر ان کی کال کو مسترد کردیا۔ عوام وفاقی حکومت اور اس کی معاشی دہشت گردی سے تنگ ہیں۔ پانی کے مسئلے پر ایم کیو ایم احتجاج کرے ہمیں کوئی اعتراض نہیں لیکن اس وقت عوام کا اس سے بڑا مسئلہ روزمرہ کی اشیا ، گیس، بجلی، پیٹرول اور کھانے پینے کی اشیا کا مہنگا ہونا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز سندھ اسمبلی کے اجلاس سے قبل میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ سعید غنی نے کہا کہ کے ایم سی، بجلی کے ریگولر بلز بھی ادا نہیں کررہی ہے جبکہ ہم نے عدالت عظمیٰ کی ہدایات پر 58 کروڑ میں سے کے الیکٹرک سے کیے گئے معاہدے کے تحت 34 کروڑ کی ادائیگی بھی کردی ہے۔ پیپلز پارٹی میں فارورڈ بلاک کی خبریں ماضی میں بھی پھیلائی جاتی رہی ہیں لیکن اس کی خواہش رکھنے والوں کو ہمیشہ ناکامی ہی ہوئی ہے۔ سید ناصر حسین شاہ الیکشن کمیشن کے قواعد و ضوابط کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے گھوٹکی الیکشن کی مہم میں جانے کی وجہ سے وزارتوں سے مستعفی ہوئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پانی کے مسئلے پر ایم کیو ایم احتجاج کرے ہمیں کوئی اعتراض نہیں لیکن اس وقت عوام کا اس سے بڑا مسئلہ روزمرہ کی اشیا ، گیس، بجلی، پیٹرول اور کھانے پینے کی اشیا پر جس طرح وفاقی حکومت کے آئی ایم ایف بجٹ نے حملہ کیا ہے ،اس پر ان کی خاموشی اور آدھی وزارت کے لیے عوام دشمن معاشی دہشتگرد بجٹ کو ووٹ دینے پر ضرور اعتراض ہے۔