جعلی طریقے سے بھرتی اساتذہ کو گھر روانہ کر دیا جائیگا‘سردارشاہ

235

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر تعلیم سید سردار شاہ نے کہا ہے کہ سندھ کے کچھ اضلاع میں 2012ء کے اساتذہ کی بھرتیوں کو درست قرار دے دیاگیا ہے جبکہ کراچی سمیت بعض اضلاع میں سیکرٹری تعلیم سندھ قاضی شاہد پرویز کی سربراہی میں اسکروٹنی کمیٹی کام کر رہی ہے۔ 2012ء کے دوران جن اضلاع کے اساتذہ کی بھرتیاں قواعد و ضوابط کے مطابق ہوئی ہیں انہیں تنخواہیں جاری کر دی جائیں گی اور جعلی طریقے سے بھرتی ہونیوالے اساتذہ کو گھر روانہ کر دیا جائے گا ۔گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم سندھ نے کہا کہ سندھ میں سال2012ء کے دوران بھرتی ہونیوالے تمام اساتذۃ جعلی نہیں تھے مگر اس دوران اساتذہ کی غیر قانونی بھرتیاں بھی ہوئیں اس حوالے سے سیکرٹری تعلیم سندھ قاضی شاہد پرویز کی سربراہی میں بھرتیوںکی جانچ پڑتال کی جارہی ہے اور جلد ہی 2012ء کے اساتذہ کی بھرتیوں کی جانچ پڑتال کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔