ظالمانہ بجٹ سے توجہ ہٹانے کیلئے رانا ثاناء اللہ کو گرفتار گرفتار کیا گیا، شہباز شریف

341
لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں
لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف میڈیا سے گفتگو کررہے ہیں

اسلام آباد (آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے رانا ثنا اللہ کی گرفتاری کو بجٹ سے توجہ ہٹانے کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ر انا ثنااللہ کو منشیات فروش قرار دینے کے لیے جھوٹا الزام عاید کیا گیا‘ عمران نیازی پاکستان کی سیاست میں زہر گھول رہا ہے‘ اگر ہمیں جیلوں میں ڈالنے سے مہنگائی ختم ہوتی ہے تو ہم سب کو جیلوں میںڈال دو‘ ہمارا رہبر نواز شریف ہے اور ہم پارٹی کے اندر تمام فیصلے کرتے ہیں‘وزیراعظم عمران خان نے معیشت کو تباہ کر دیا ہے جس کی وجہ سے آج قوم پریشان ہے‘ پاکستان کی 71 سالہ تاریخ میں غلط بیانی کرنے والا وزیراعظم نہیں دیکھا‘ جب سڑکوں پر آنے کا وقت آئے گا تو پیچھے نہیں ہٹیں گے‘ عمران خان سے ملاقات کرنے والے ایم پی ایز کو نوٹس دیے جائیں گے‘ پارٹی میں کمیٹی بنا دی ہے، ان سے پوچھا جائے گا کہ کیوں ملاقات کی؟۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی ایڈوائزری گروپ کے اجلاس کے بعد میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں کیا۔ انہوں نے عمران نیازی سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اپنے گریبان میں جھانکو ہم پر چور، ڈاکو ہونے کا الزام لگا کر انتقام لے رہے ہو مگر قوم تم سے پورا حساب لے گی۔ انہوں نے کہا کہ علیمہ صاحبہ پیسہ پاکستان سے باہر لے کر گئیں‘ عمران نیازی کو کبھی اپنے گریبان میں بھی جھانکنا چاہیے‘ عمران نیازی کے دماغ کا اوپر والا حصہ خالی ہے‘نواز شریف کو آج جیل میں دوائیاں، پرہیزی کھانے اور ڈاکٹر فراہم کرنے سے انکار کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے دعویٰ کیا کہ رانا ثنا اللہ کی گاڑی سے کوئی چیز برآمد نہیں ہوئی‘یہ ایسی کہانی ہے جس پر کوئی یقین نہیں رکھتا‘ آمریت کے بدترین دور میں بھی سیاستدانوں پر منشیات کے مقدمات نہیں بنائے گئے‘ رانا ثنااللہ نے موٹروے کا ٹول پلازہ پار کیا‘ راوی کے پل کے بعد اے این ایف کے کچھ اہلکاروں نے انہیں روکا کچھ تلخی ہوئی اور 2 اہلکار ان کی گاڑی میں بیٹھ گئے اور انہیں ائرپورٹ کے قریب تھانے میں لے آئے۔انہوں نے کہا کہ اس دوران کوئی برآمدگی نہیں ہوئی، کوئی بات چیت نہیں ہوئی،کچھ بتایا نہیں گیا اور رات کو دیر سے بتایا گیا کہ آپ سے ہم نے برآمدگی کی ہے جس سے متعلق انوکھی داستان پرچے میں درج ہے کہ گاڑی میں 21 کلو تھی اور باہر آکر 15 کلو ہوگئی۔شاہد خاقان نے کہا کہ رانا ثنااللہ کی سیاسی جدوجہد لاہور کے قلعے سے لے کر آج اے این ایف کے تھانے تک ہے اور ان کا بدترین مخالف بھی ان پر منشیات کا الزام قبول نہیں کرے گا‘مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان رانا ثنا اللہ سے خوفزدہ ہیں، اسی لیے عمران صاحب کے ذاتی حکم پران کی گرفتاری ہوئی ہے۔مریم اورنگزیب نے رانا ثنا اللہ کی گرفتاری پر جاری کردہ اپنے پیغام میں وزیراعظم کو مخاطب کرکے کہاہے کہ عمران صاحب رانا ثنااللہ نواز شریف کا شیر ہے، آپ کے ہر جھوٹے اور چھوٹے وار کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گا۔