بلاول ڈیڑھ ارب اور عمران خان کروڑ روپے کے اثاثوں کے مالک

289

اسلام آباد( نمائندہ جسارت) الیکشن کمیشن نے پارلیمنٹرینز کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کردیں جن کے مطابق پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری 1 ارب 54 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے اثاثوں کے مالک ہیں،وہ دبئی کے 2ولاز میں حصہ دار اوراقامہ ہولڈر بھی ہیں۔وزیراعظم عمران خان 10 کروڑ 82 لاکھ 36 ہزار روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں جبکہ انہوں نے بنی گالا رہائش گاہ کی مالیت بتانے کے بجائے اسے تحفہ ظاہر کردیا۔عمران خان کے ڈالر، پائونڈ اسٹرلنگ اور یورو اکائونٹس بھی ہیں۔ وہ 2 لاکھ روپے کی 4 بکریوں، 6.2 مربع زرعی اور کمرشل اراضی کے مالک ہیں۔ان کی اہلیہ بشری بی بی کے نام بنی گالا میں 3 کنال کا گھر، پاک پتن میں 431 کنال اراضی، اوکاڑہ میں 266 کنال اراضی شامل ہے۔سابق صدر مملکت آصف علی زرداری 66 کروڑ روپے
مالیت کے اثاثوں کے مالک اور دبئی کے اقامہ ہولڈر بھی ہیں جبکہ ان کی بیرون ملک کوئی جائداد نہیں۔ زرداری کے پاس 1 کروڑ روپے مالیت کے گھوڑے اور جانور، 1 کروڑ 66 لاکھ روپے کا اسلحہ بھی ہے۔اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے اثاثوں کی مالیت 18 کروڑ 96 لاکھ روپے سے زائد ہے۔ ان کی اہلیہ نصرت شہباز کے نام 23 کروڑ روپے اور دوسری اہلیہ تہمینہ درانی کے 57 لاکھ 65 ہزار روپے کے اثاثے ہیں۔ شہباز شریف کے بیرون ملک 14 کروڑ روپے کے اثاثے ہیں اور لندن میں فلیٹ کے مالک بھی ہیں۔ شیخ رشید احمد کے پاس 3 کروڑ 58 لاکھ روپے کے اثاثے، 8 کروڑ 73 لاکھ کا بینک بیلنس اور 25 لاکھ کیپرائز بانڈ ہیں۔ رانا ثنااللہ 6 کروڑ 60 لاکھ روپے اور سید خورشید شاہ 6 کروڑ روپے کے اثاثوں ہیں۔ مراد سعید، شہریار آفریدی، پرویز خٹک وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید غریب ارکان قومی اسمبلی میں شامل ہیں۔ ان کے پاس 36 لاکھ نقد اور 15 تولے سونا ہے۔ وفاقی وزیر انسداد منشیات شہریار آفریدی 2 کروڑ کے مالک جبکہ وزیر دفاع پرویز خٹک 13 کروڑ 95 لاکھ کے اثاثے اور ڈھائی کروڑ روپے کا بینک بیلنس ہے۔ دیگر پی ٹی آئی کے ایم این اے سمیع الحسن گیلانی 1 ارب روپے سے زائد اثاثوں اور وفاقی وزیر علی زیدی 3 کروڑ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں۔