پی ٹی آئی حکومت کی ایمنسٹی اسکیم کرپشن کی وضاحت کے تحفظ کیلئے تھی،سراج الحق

333

دیر ( نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ پی ٹی آئی حکومت کی ایمنسٹی اسکیم کرپشن کی دولت کے تحفظ کے لیے تھی جس کا مقصد سرمایہ داروں او ر جاگیرداروں کو فائدہ پہنچانا تھا۔ حکومت جاگیرداروں ، سرمایہ داروں ، بڑ ے صنعتکاروں اور اشرافیہ سے ٹیکس وصولی میں ناکام ہوگئی ہے ۔ ایمنسٹی اسکیم بھی بری طرح ناکام ہوگئی ہے جبکہ حکومت نے آٹا ، گھی ، چینی اور دالوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کر کے غریب عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے ۔ ایک طرف کوئی کاروبار اور روزگار نہیں تو دوسری طرف مہنگائی نے 2 وقت کا کھانا بھی مشکل بنادیاہے ۔ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکز منصورہ لاہور سے جاری اعلامیے کے مطابق ان خیالات کااظہار انہوںنے اپنے حلقہ انتخاب ثمر باغ میں مختلف وفود سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ گیس ، بجلی، تیل کی قیمتوںاور ٹیکسوں میں بے پناہ اضافہ ہونے سے ملک بھر میں ہزاروں چھوٹے صنعتی اور گھریلو یونٹ بند ہیں، لاکھوں لوگ بے روزگار ہوچکے ہیں ۔ چھوٹا کاروباری طبقہ انتہائی پریشان اور مشکلات کاشکار ہے ۔ حکومت نے فوری طور پر اس طرف توجہ نہ دی تو فاقہ کشی کے ہاتھوں لاکھوں لوگ موت کے منہ میں جاسکتے ہیں ۔ حکومت لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنا بند کرے ۔ مہنگائی اور ٹیکسوں سے سب سے زیادہ متاثر وہ لوگ ہوتے ہیں جن کے گھروں میں پہلے ہی غربت نے ڈیرے ڈال رکھے تھے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکمرانوں نے جاگیرداروں ، سرمایہ داروں کو خوش کرنے کے لیے چھوٹے لوگوں پر بے دریغ ٹیکسوں کی بھر مار کردی ہے ۔ حکومت اپنے اصل ہدف کو چھوڑ چکی ہے ۔ ہر روز عوام کا خون نچوڑنا حکومت نے اپنا فرض سمجھ لیاہے ۔ عمران خان اپنی حکومت بچانے کے لیے عوام پر بوجھ ڈالنا بند کریں۔