حج کی تیسری قرعہ اندازی کا ا علان ،4ہزار316درخواست گزار کامیاب

344

اسلام آباد(صباح نیوز+اے پی پی +آن لائن) حج 2019ء کی تیسری قرعہ اندازی کے نتائج کا ا علان کردیا گیا۔ترجمان کے مطابق وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد تیسری قرعہ اندازی کردی گئی ۔وفاقی سیکرٹری وزارت مذہبی امور نے بٹن دبا کر قرعہ اندازی کا عمل مکمل کیا۔ ترجمان کے مطابق 4 ہزار 316 درخواست گزار کامیاب قرار پائے ۔ رواں سال سرکاری حج اسکیم کے تحت ایک لاکھ 23 ہزار 316 عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ کامیاب درخواست گزار 10 جولائی تک بینکوں میں پیکج کی رقم جمع کرا سکیں گے۔ کامیاب درخواست گزاروں کو بذریعہ ایس ایم ایس آگاہ کردیا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا ہے کہ کامیاب درخواست گزار وزارت کے مختص کردہ بینکس کی برانچوں میں رقم اور فارم جمع کراسکتے ہیں۔علاوہ ازیںحکومت کی طرف سے عازمین کو حج اخراجات کی مد میں 4 ارب روپے سے زاید کی واپسی کا فیصلہ کیا گیا ہے ،جس پر عمل درآمد وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔ وزارت مذہبی امور کے ذرائع نے اے پی پی کو بتایا کہ حکومت نے ہر حاجی سے انہیں فراہم کردہ سہولیات کے مطابق ہی رقم لینے کا فیصلہ کیا ہے جن پاکستانی عازمین کو ٹرین کی سہولت نہیں ملے گی انہیں 500ریال واپس کیے جائیں گے،اس طرح جن عازمین کو مرکز کے بجائے حرم سے دور رہائش فراہم کی جائے گی انہیں رہائش کی مد میں رقم واپس ملے گی ، عازمین حج کو انہیں فراہم کردہ سہولیات کے مطابق 30،40 اور 58 ہزار روپے تک فی کس کے حساب سے رقم ری فنڈ کی جائے گی۔دوسری جانب آن لائن کے ایک ر پورٹ کے مطابق وزارت مذہبی امور نے حج 2019ء کے نئے کوٹے میں سے 40 فیصد پرائیویٹ اسکیم کا کوٹا واپس لینے کا فیصلہ کرلیا ہے اور اس حوالے سے سمری وفاقی کابینہ کو ارسال کردی گئی ہے۔ وفاقی کابینہ نے پہلے 16 ہزار اضافی کوٹے کا 40 فیصد پرائیویٹ اسکیم کو دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ حج آپریشن کے آغاز اور حج میں دن کم ہونے کے باعث کوٹا واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پرائیوٹ کوٹا سرکاری کوٹے میں ضم کرکے 6 ہزار 316 درخواستوں کی دوبارہ قرعہ اندازی کرائی جائے گی۔