میرے پاس عہدہ نہیں صر ف مشورے کیلیے بلایا جاتا ہے ، جہانگیر ترین

265

اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکورٹی محبوب سلطان نے کہا ہے کہ پہلے جہانگیرترین پس پردہ کام کررہے تھے لیکن اب میری درخواست پر زراعت کی بہتری کے لیے کام کررہے ہیں جبکہ جہانگیر ترین نے کہاہے کہ میرے پاس کوئی عہدہ نہیں ہے لیکن حکومت نے زراعت کی بہتری کے لیے مجھ سے درخواست کی جس پر میں حکومت کیساتھ مل کر کام کررہا ہوں ۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکورٹی محبوب سلطان نے کہا کہ وزیر اعظم کے زراعت میں ایمرجنسی پروگرام کے لیے 309 ارب روپے رکھے گئے ہیں جو 16بڑے منصوبوں پر خرچ کیے جائیں گے، حکومت نے زراعت کے 13 منصوبوں پر کام کا آغاز کردیا ہے، پانی کے منصوبوں پر 220 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے،فصلوں کی پیداور کو بہتر بنانے کے لیے44.8 ارب روپے،مچھلی کی پیداوار بہتر کرنے کے لیے13.9ارب روپے خرچ کیے جائیں گے ،لائیو اسٹاک پر 6.38 ،پنجاب میں زرعی مارکیٹوں کے لیے 23.6 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ محبوب سلطان نے کہا کہ جب تک ملک میں زراعت بہتر نہیں ہوگی تب تک ملک ترقی نہیں کرسکتا ۔جہانگیر ترین نے کہا کہ وزیر اعظم کے ایمرجنسی پروگرام کے تحت220 ارب روپے پانی کے منصوبوں پر خرچ کیے جائیں گے،گندم ، چاول ، گنا، تیل اور اجناس کی فی ایکٹر پیداوار کو بڑھایا جائے گا، 18وی ترمیم کے بعد زراعت صوبوں کے پاس پاس چلی گئی ہے،سندھ اس پروگرام کے تحت کام نہیں کر رہا،سندھ کیلیے 15 سے 18 ارب روپے رکھے گئے ہیں اور فشری کے شعبے میں ہم بنگلادیش سے زیادہ پیداوار کر سکتے ہیں، اس کے لیے قرضے دیے جائیں گے ۔