جانوروں کی تعداد کے لحاظ سے پانی کی وافر مقدار کو یقینی بنا ئینگے،شاہد غلام نبی

833

کراچی (رپو رٹ:منیر عقیل انصاری)ایشیاء کی سب سے بڑی عارضی مویشی منڈی کے قیام کیلئے 900 ایکڑ سے زائد کا رقبہ مختص کیا گیا ہے جس میں وی آئی پی سمیت 25 سے زائد بلاک قائم کئے جائیں گے،

مویشی منڈی کا ٹھیکہ پہلی مرتبہ کسی ایڈ ورٹائزنگ کمپنی کو دیا گیا ہے جبکہ اس سے قبل مویشی پالنے، سنبھالنے اور فروخت کرنے کا تجربہ رکھنے والوں کو ٹھیکہ دیا جاتا تھا۔،

مویشی منڈی میں جانوروں کو رکھنے کیلئے بلاکس کو ہموار کرنے کا عمل جاری ہے جبکہ منڈی میں عوام کی سہولت کیلئے روشنی کے انتظامات کئے جارہے ہیں، بیوپاری اور عوام کی سہولت کے لئے کھانے پینے کے اسٹالز، پارکنگ اور اے ٹی ایم لگانے کا کام جاری ہے،

سہراب گوٹھ مویشی منڈی میں قربانی کے جانوروں کیلئے پانی کے 2ہزار گیلن والے واٹر ٹینکر کے زریعے مویشی منڈی میں قائم پو نے دو سو ٹینک میں روزانہ پانی مفت فراہم کیا جا ئے گا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ پانی کے استعمال سے مویشی صحت مند اور بیماریوں سے دور رہ سکیں،

یہ بات مویشی منڈی میں پانی فراہم کرنے والے کے ٹھیکیدار شاہد غلام نبی نے جسارت سے خصو صی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ان کا کہنا تھا کہ منڈی میں مویشیوں کی تعداد میں اضافے کے ساتھ ساتھ قربانی کے جانوروں کے لیے وافر پانی کو یقینی بنایاجا ئے گا،

مویشی منڈی میں بیو پا ریوں کو روزانہ 16لیٹر پانی مفت فراہم کیا جا ئے گا،اسکے علاوہ اگر بیو پاری کو پانی کی ضرورت ہو گی تو وہ ایک روپے پچاس پیسے فی لیٹر کے حساب سے پانی خرید سکتا ہیں، ان کا کہنا تھا کہ بیو پاری کو پانی کی فراہمی کے لئے ہم نے خصوصی اقدامات کیے ہیں تاکہ منڈی میں پانی کی کمی نہ ہو سکے،

انہوں نے کہا کہ مویشیوں کے لیے وافر مقدارمیں پانی فراہم کیا جائے گا۔ ملیر کنٹونمنٹ بورڈ کے خصوصی ہدایات پر مویشیوں کے لیے پانی جمع کرنے کی غرض سے نئے 50اسٹیل کے پانی کے ٹینک پہلی بار بنائے جا رہے ہیں جس کے زریعے بیوپاریوں کو پانی کی فراہمی میں آسانی ہو گی،

اس کے علاوہ ڈرم بھی بیوپاریوں میں مفت تقسیم کیے جا ئیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وافر پانی کی دستیابی اور بڑے پیمانے پر ان کو ذخیرہ کرنے کی سہولت فراہم کیے جانے کے بعد اب یہ بیوپاریوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے جانوروں کی صحت کا خصوصی خیال رکھیں اور پانی کو دیگر مقاصد میں ضائع نہ کریں۔