منشیات فروش خود کش حملہ آور سے زیادہ خطرناک ہیں،شہریار آفریدی

300

کو ئٹہ(نمائندہ جسارت/مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر برائے انٹی نارکوٹکس ،سیفران شہر یار خان آفریدی نے کہا ہے کہ منشیات فروش خود کش حملہ آوروں سے زیادہ خطرناک ہے‘ ان کی وجہ سے پورا سماجی نظام تباہ ہو رہا ہے۔ ان خیا لات کا اظہار انہوں نے انسداد منشیات فورس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر برائے نارکوٹکس کنٹرول
شہر یار خان آفریدی نے کہا کہ منشیات کا زہر نوجوان نسل کو تباہ کر رہا ہے‘ دنیا کی تباہی کی بدترین شکل منشیات ہی ہے‘ بدقسمتی سے اس وقت پوری دنیا کی85 فیصد منشیات افغانستان میں پیدا ہوتی ہے‘ بین الاقوامی برادری افغانستان میں منشیات کی روک تھام کے لیے کام کرے‘ پاکستان منشیات کنٹرول کرنے کے حوالے سے صف اول پر کھڑا ہے لیکن پاکستان کی منشیات کے خلاف کارروائی کا بین الاقوامی طور پر اعتراف نہیں کیا جا رہا‘ اس کے باوجود ہم ملک اور دنیا کو منشیات کی لعنت سے چھٹکارہ دلانے کیلیے جہاد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سرحد پر باڑ لگا کر ملک کو منشیات اور دہشت گردی سے پاک کر رہی ہے‘ منشیات کے خلاف جہاد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں منشیات برآمدگی کے الزام میںگرفتار ملزمان کو ضمانت مل جاتی ہے اس بارے میں سخت قانون نا گزیر ہے بلکہ قوم کو نشے کی لعنت سے بچانے کے لیے متحد ہونا پڑے گا۔میڈیا سے گفتگو میںانہوں نے کہا کہ ڈی جی اے این ایف سے رانا ثنا اللہ کی گرفتاری سے متعلق رپورٹ مانگی ہے‘رپورٹ جیسے ہی آگئی اس سے متعلق آگاہ کروں گا‘ نئے پاکستان میں قانون سب کے لیے برابر ہے‘ وزیراعظم سمیت اس سے کوئی بالاتر نہیں‘ رانا ثنا اللہ ہمارے کولیگ ہیں‘ ہم نے سب کو عزت دینی ہے‘ ہمارا کسی سے ذاتی اختلاف نہیں۔پشین کے قریب سرانان کے نیو مہاجر کیمپ میں افغان مہاجرین سے خطاب کرتے ہوئے شہر یار آفریدی نے کہا کہ عمران خان کی حکومت افغان مہاجرین کو عزت دے گی ماضی میں جو ہوا اْ س پر معافی مانگتا ہوں۔ پاکستان میں آباد تمام افغان مہاجرین ہماری عزت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی زمین افغانستان کے خلاف ہرگز استعمال نہیں ہوگی پاکستان آپ سے عزت چاہتی ہے آپ کی عزت ہم پر فرض ہے‘ ہم سب نے مل کر آپس میں اتحاد و اتفاق پیدا کرنا ہوگا اللہ تعالیٰ ظالم کو پسند نہیں کرتا‘ جو پاکستان کے دشمن ہیں وہ حقیقت میں افغانستان کے بھی دشمن ہیں پاک افغان کو پشتون، پٹکی اور کرکٹ کے نام پر آپس میں لڑایا جا رہا ہے‘ پاکستان اور افغانستان آپس میں بھائی بھائی ہیں۔
شہریار آفریدی