کراچی عوامی مارچ میں خواتین کی بھرپور شرکت لائق تحسین ہے‘ دردانہ صدیقی

171

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے کراچی کے کامیاب عوامی مارچ پر اپنے ایک بیان میںکہا ہے کہ حکمرانوں نے پاکستان کو آئی ایم ایف کے حوالے کر کے ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا کر دیا ہے۔تبدیلی کے دعویداروں نے مہنگائی کی بمباری سے عوام کی زندگی اجیرن اور 10 ماہ کے اقتدار میں ہی عوامی امیدوں پر پانی پھیردیا ہے۔روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے سے سب سے زیادہ خواتین متاثر ہوئی ہیں ، آمدن میں اضافے کی شرح، مہنگائی سے کئی گنا کم ہے جس کی وجہ سے ماہانہ بجٹ ترتیب دینے میں خواتین کوپریشانی کاسامنا ہے۔ یہی
وجہ ہے کہ کراچی کی خواتین کی بڑی تعداد نے مہنگائی ،بے روزگاری اور آئی ایم ایف کی غلامی کے خلاف جماعت اسلامی کے زیراہتمام عوامی مارچ میں بھرپور شرکت کر کے حکومت کو یہ پیغام دیا ہے کہ شریعت کے نفاذ اور سودی نظام معیشت سے نجات کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ انہوں نے جماعت اسلامی کراچی کی ناظمہ اسماسفیر، ذمے داران، کارکنان اور کراچی شہر کی خواتین کو کامیاب مارچ پر مبارکباد اور خواتین کی بھر پور شر کت پر کراچی کی خواتین سے اظہار ِ تشکر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے سب سے بڑے صنعتی شہر کراچی کی زبوں حالی،تباہ حال انفرااسٹرکچر، اداروں میں بڑھتی ہوئی کرپشن اور امن و امان کی ابتر صورتحال کے باعث عوام جماعت اسلامی کی عوامی تحریک ’’کراچی کو عزت دو‘‘ کے شانہ بشانہ چلنے پر تیار ہو گئے ہیں تاکہ اس تحریک کے ذریعے کراچی کی کھوئی ہوئی عزت اور ساکھ دوبارہ بحال ہو اور یہ شہر ایک بار پھر اندھیروں سے روشنیوں کی طرف لوٹ آئے۔