قبائلی اضلاع کی صنعتوں کو ٹیکس و ڈیوٹی چھوٹ میں 2023ء تک توسیع

245

پشاور (آن لائن) وفاق نے قبائلی اضلاع میں لگنے والی صنعتوں کو خام ما ل اور ان کی فروخت پر سیلز ٹیکس و فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی چھوٹ میں 2023ء تک توسیع کر دی، اس سے قبل یہ توسیع آئندہ سال ختم ہو رہی تھی تاہم وفاقی حکومت نے اس میں مزید 3 سال کی توسیع کردی ہے۔ وفاقی حکومت نے یہ فیصلہ ساتوں قبائلی اضلاع کیلیے کیا ہے، قبائلی عوام کا مطالبہ تسلیم کرتے ہوئے وفاقی حکومت نے فنانس بل کی قومی اسمبلی میں منظوری بھی دی ہے۔ ذرائع کے مطابق ساتوں قبائلی اضلاع میں قائم اسٹیل کی
صنعتیں اگر خام مال منگوائیں گی تو اس پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی جنرل سیلز ٹیکس کے طریقہ کار کے تحت واجب الادا ہوگی۔ ضلع خیبر سمیت بعض قبائلی علاقوں میں اسٹیل کے کارخانے موجود ہیں۔ قبائلی اضلاع کیلیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے اہم اقدامات شروع کیے گئے ہیں۔ ضم ہونے والے قبائلی اضلاع میں انتخابات بھی 20 جولائی کو ممکنہ طور پر 16 نشستوں کیلیے ہو رہے ہیں جبکہ قبائلی اضلاع میں 25 تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشنز (ٹی ایم ایز) بھی قائم کیے جائیں گے جبکہ تھانوں کے قیام کا سلسلہ پہلے سے ہی شروع کیا گیا ہے۔
ٹیکس ڈیوٹی