تاجر برادری کا حکومت کو بجٹ میں تبدیلی کے لیے 7 یوم کا الٹی میٹم

232

 

کراچی (اسٹاف ر پورٹر)آل کراچی انجمن تاجران کا ملتان میں اجلاس۔تاجر برادری نے حکومت کو بجٹ میں تبدیلی کے لیے 7 یوم کا الٹی میٹم دے دیا۔کراچی سندھ تاجر اتحاد کے چیئرمین حبیب شیخ کو ملک بھر کے تاجروں نے آل پاکستان انجمن تاجران کا سینئر وائس چیئر مین منتخب کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق آل کراچی انجمن تاجران کا اجلاس ملتان میں ہوا۔اجلاس میں کراچی سمیت ملک بھر کی تاجر برادری کے رہنمائوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس میں متفقہ طور پر تاجر برادری نے وفاقی بجٹ 2019ء کو مسترد کردیا اور کہا کہ بجٹ میں ٹیکسوں کی بھرمار سے کاروباری سرگرمیاں تباہ ہوجائیں گی۔اس موقع پر آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی رہنمائوں نے کراچی سندھ تاجر اتحاد کے چیئرمین حبیب شیخ کو آل پاکستان انجمن تاجران کا وائس چیئرمین منتخب کرلیا۔اس موقع پر حبیب شیخ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت 7 روز میں بجٹ میں جو تاجروں کو مشکلات ہیں انہیں ختم کرے اور تاجروں پر چھاپے مارنے کا جو سلسلہ شروع کیا ہے اسے فوری طور پر روکا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر امن کی بات کرتے ہیں، اگر حکومت نے ہٹ دھرمی قائم رکھی تو پورے پاکستان میں تاجر برادری ایک آواز ہوکر احتجاج کا راستہ اختیار کرے گی۔