گیس قیمتوں میں اضافہ حکومتی ناعاقبت اندیشی ہے،فاروق شیخانی

279

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر محمد فاروق شیخانی نے گیس قیمتوں میں اضافہ حکومتی ناعاقبت اندیشی ہے، کمرشل اور صنعتی گیس صارفین پر قیمتوں کے اطلاق سے مصنوعات مزید مہنگی ہوجائیں گی، تجارت پر منفی اثرات مرتب ہوں گے، حکومت نے نوٹیفکیشن جاری کر کے بہت ظلم و زیادتی کا ثبوت دیا ہے ، نوٹیفکیشن واپس لیا جائے۔ اپنے بیان میں محمد فاروق شیخانی نے کہا کہ کمرشل اور صنعتی صارفین پر گیس کی قیمتوں کے اطلاق سے وہاں تیار ہونے والی مصنوعات کی قیمتوں میں لامحالہ اضافہ ہوگا جس کا براہ راست عام آدمی شکار ہوگا اور عوام کے کندھوں پر جو پہلے ہی روزمرہ کی ضروریات کی اشیا کی قیمتیں بڑھنے سے اُن کی کمر ٹوٹ چکی ہے وہ مزید پِس کر رہ جائیں گے۔ صنعت و تجارت پر اِس کے منفی اثرات مرتب ہوں گے اور صنعتکار حاصل شدہ آرڈرز کو مکمل کرنے میں ناکام ہوجائیں گے جو زرمبادلہ میں بھی کمی کا باعث ہوگا۔ حکومت نے اپنے ناتجربہ کار اور ناعاقبت اندیش مشیروں کے مشوروں پر عملدرآمد کرتے ہوئے ماہانہ 100 مکعب میٹر پر فی یونٹ 127 سے بڑھا کر 300 روپے، 200 مکعب میٹر پر 264 سے بڑھا کر 553 روپے، 300 مکعب میٹر پر 275 سے بڑھا کر 738 روپے، 400 مکعب میٹر پر 780 سے بڑھا کر 1107 روپے جبکہ 400 مکعب میٹر سے زائد گیس استعمال پر قیمت 1460 روپے برقرار رکھی ہے جبکہ کارخانوں پر بطور فیڈ گیس کی قیمت میں 61 فیصد اور بجلی کے کارخانوں، سی این جی، جنرل انڈسٹری کے لیے تمام شعبوں میں 31 فیصد قیمت بڑھادی گئی ہے جس سے انڈسٹری اور گھریلو صارفین پر اِس کا بوجھ ناقابل برداشت ہوجائے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ اِس سے سی این جی اسٹیشن کے دیوالیہ ہونے اور بے روزگاری میں بے پناہ اضافہ ہوگا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ وہ گیس کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے کا نوٹیفکیشن واپس لے ۔
فاروق شیخانی