بھارت: خاتون افسر پر لاٹھیوں سے حملہ‘ 16 افراد گرفتار

245

نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارتی جنوبی ریاست تلنگانا میں محکمہ جنگلات کی خاتون افسر پر ہجوم کے حملے اور اس دوران لاٹھیوں سے تشدد کا نشانہ بنانے کے الزام میں 16 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق واقعے کے وقت مقامی پولیس افسران بھی جائے وقوع پر موجود تھے جبکہ ہجوم کی سربراہی علاقے کی برسراقتدار پارٹی کے ایک مقامی رہنما کر رہے تھے، جو علاقے میں شجرکاری مہم کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔ واقعے کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پارٹی کے صدر نے ٹوئٹر پر مذمت جاری کی۔ خبر رساں اداروں کے مطابق خاتون افسر کو شدید چوٹیں آئیں، جس کی وجہ سے اسے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ وڈیو پھیلنے کے بعد ملک بھر میں واقعے کی مذمت کی گئی۔ جس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے تلنگانا راشٹرا سمِتھی پارٹی کے سینئر رہنما راما راؤ نے تصدیق کی کہ ہجوم کی قیادت کرنے والے مقامی رہنما کے بھائی کونیرو کرشنا راؤ کو گرفتار کرلیا گیا ہے، تاہم اپنے دفاع میں ان کا کہنا تھا کہ محکمہ جنگلات کے افسران کسانوں کی فصلیں تباہ کر رہے تھے اور ہم لوگوں کو انصاف دلانے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ محکمہ جنگلات قبائلی کسانوں کی زمین پر زبردستی قابض ہو رہا ہے اور ساتھ ہی ڈرانے دھمکانے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جبکہ گزشتہ روز ہونے والا واقعہ محض حادثاتی طور پر ہوا۔