مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی پر  امریکی ایف 22 لڑاکا طیارے قطر پہنچ گئے

309

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی پر امریکا نے ایف 22 اسٹیلتھ طیارے قطر میں اپنے فوجی بیس پر پہنچا دیے۔ بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق لڑاکا طیارے قطر میں پہلے سے موجود ایف35 طیاروں کے بیڑے کی طاقت میں اضافہ کریں گے۔ امریکی ائر فورس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ایف22 طیارے عبید ائر بیس قطر پہنچ گئے ہیں۔ بیان میں طیاروں کی تعداد ظاہر نہیں کی گئی۔ فضائیہ نے اپنے بیان میں موقف اختیار کیا کہ لڑاکا طیارے مشرق وسطیٰ میں تعینات 3 ہزار امریکی سپاہیوں اور درجنوں تنصیبات کی حفاظت پر مامور ہوں گے۔

رواں سال اسرائیل کی ریاستی
دہشت گردی میں 84 فلسطینی شہید
مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) فلسطینیوں کے خلاف قابض صہیونی فوج کی ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ برسوں سے جاری ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق رواں سال کی پہلی ششماہی میں اسرائیلی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں 84 فلسطینی شہید ہوئے۔ فلسطین میں شہدا کے قومی فورم کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2019ء کے پہلے 6 ماہ میں اسرائیلی کارروائیوں میں 84 فلسطینی شہید ہوئے جن میں غزہ 59 شہدا کے ساتھ اسرائیلی فوج کے خونی کھیل کا سب سے زیادہ نشانہ بنا جبکہ غرب اُردن میں 25 فلسطینی شہید کیے گئے، جن میں 8 خواتین اور 19 بچے شامل ہیں۔

اسلحہ سے پاک کوریائی علاقے
میں نامعلوم اُڑتی شے کی نشاندہی
سیئول (انٹرنیشنل ڈیسک) جنوبی کوریا اور شمالی کوریا کے درمیان غیر فوجی علاقے میں راڈاروں نے غیر واضح اُڑتی شے کی نشاندہی کردی۔ جنوبی کوریائی فوج کی طرف سے جاری بیان میں واقعے کی تصدیق کی گئی،تاہم اس حوالے سے معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔ واضح رہے کہ ڈی ایم زی سرحد کا تحفظ بھاری ترین اسلحہ سے کیا جاتا ہے۔ ماضی میں سرحد پر دو طرفہ فائرنگ ہوتی رہی ہے لیکن اب فریقین کے درمیان سفارتی کوششوں کے نتیجے میں کشیدگی میں کمی آ گئی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا ئی رہنما کم جونگ ان نے بھی اسی سرحدی علاقے میں ملاقات کی تھی۔

یورپی یونین کے نئے سربراہوں
کی تعیناتی کا معاملہ مزید پیچیدہ
برسلز (انٹرنیشنل ڈیسک) یورپی یونین کے رکن 28 ممالک کے سربراہان قیادت کا انتخاب کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے۔ خبررساں اداروں کے مطابق اس سلسلے میں رات گئے تک جاری سربراہ اجلاس میں یونین کے اداروں کے سربراہان کے ناموں پر غور کیا جاتا رہا، تاہم اس کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا۔ یورپی میڈیا کے مطابق یورپی یونین کمیشن کی قیادت کے حوالے سے سخت سودا بازی ہو رہی ہے، جب کہ برسلز میں رات 10 بجے سے صبح ساڑھے 7بجے تک جاری رہنے والے اجلاس میں رکن ممالک کا ناموں پر متفق نہ ہونے پر تشویش ظاہر کی جارہی ہے۔