ہواوے پر پابندیوں میں نرمی کی، معافی نہیں دی‘ وائٹ ہائوس

361

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) وائٹ ہائوس کے اقتصادی مشیر لیری کڈلو نے کہا ہے کہ امریکا اور چین کے درمیان تجارتی امور پر مذاکرات امریکی کمپنیوں کو ہواوے کی مصنوعات کی فروخت کے لائسنس جاری کرنے کا بہترین موقع ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ چین کی سب سے بڑی ٹیکنالوجی کمپنی ہواوے پر عائد کردہ پابندیوں میں نرمی کی ہے، اسے عام معافی نہیں کہا جا سکتا، کمپنی پر بعض پابندیاں بدستور برقرار رہیں گی۔ انہوں نے باور کرایا کہ چینی مصنوعات امریکا کی قومی سلامتی کے لیے خطرہ نہیں بنیں گی۔ وائٹ ہائوس کے مشیر نے فاکس نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ چین کے ساتھ تجارت کے لیے بہترین موقع ہے۔ حکام کو چاہیے کہ وہ لائسنس جاری کرنے کا دروازہ کھول دیں۔ دوسری جانب چین نے ملکی معیشت کے کئی شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی پالیسیاں نرم کرنے اور پابندیاں مکمل طور پر ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق اتوار کے روز ہونے والے فیصلے پر عمل 30 جولائی سے شروع ہوگا۔ چینی حکام کے مطابق اس وقت ملک میں 48 ایسے شعبے ہیں، جن میں بیرونی سرمایہ کاری کی اجازت نہیں۔