کرپشن کارڈ کھیلا جارہا ہے،اصل نشانہ بلاول ہیں،پیپلزپارٹی

119

کراچی(اسٹاف ر پورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات و رکن قومی اسمبلی نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ چیئرمین بلاول نے پنجاب سے مہنگائی کے سونامی کے خلاف مہم شروع کردی ہے،آصف زرداری کو چوتھی مرتبہ گرفتارکیا گیاہے،جس کیس میں ان کو گرفتار کیاگیا ہے اس میں بلاول کا بھی نام ہے ،لگتا ہے ان کا اصل نشانہ بلاول اور پیپلزپارٹی کی قیادت ہے ۔پیر کو سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت پیپلزپارٹی حکومت کے خلاف موثر آواز اٹھارہی ہے ،عوام دشمن بجٹ کے خلاف بلاول نے موثر انداز میں آواز اٹھائی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جعلی حکمران ملک پر حکمرانی کررہے ہیں اور یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے ماضی میں پارلیمنٹ پر لعنت بھیجی تھی، ایسالگتا ہے کہ یہ لوگ 5برس معافیاں مانگ کر گزاریں گے۔ نفیسہ شاہ نے کہا کہ ملک میں اس وقت کرپشن کارڈکھیلا جارہا ہے اور لوگوں کو یہ پیغام دیا جارہا ہے کہ پی ٹی آئی میں جائیں یا پھرجیل جائیں،فردوس عاشق اعوان کے نیب کیسز پی ٹی آئی میں جانے سے ختم ہوگئے،بابراعوان کا کیس ختم کردیاگیا کیونکہ وہ پی ٹی آئی میں شامل ہوئے ۔انہوں نے کہا کہ دودھ اورچائے والے کو ایمنسٹی لینے کی بات کررہے ہیں لیکن اصل میں ایمنسٹی اسکیم علیمہ باجی کی وجہ سے لانی پڑی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کو22 مرتبہ گرفتار کرلیں،وہ عوام کی بات کرتے رہیں گے،ان کو روکا نہیں جاسکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی بجٹ دھاندلی زدہ ہے،نمبرز پورے کرنے لیے اتحادیوں کو لالچ دیا گیا،دوسرے اتحادی کو ایک وزارت دی گئی۔اپوزیشن کے2ارکان کے پروڈکشن آرڈرز جاری نہیں کیے جارہے ہیں،اسپیکر پی ٹی آئی کے کارکن کی طرح کام کررہے ہیں اور انہوں نے دھاندلی کے ذریعے بجٹ پاس کرایا۔