چوروں کو بچانے کیلئے نہیں مہنگائی کیخلاف سراپا احتجاج ہیں،حسین محنتی

292

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )جماعت اسلامی سندھ کے امیرو سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ ایک بار پھر گیس و سی این جی کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ عوام دشمن قدم اور تبدیلی کے نام پر عوام سے زندہ رہنے کا حق بھی چھینا جارہا ہے۔ بجٹ کے بعد منی بجٹ سے مہنگائی کا نیا طوفان، صنعتیں بند اور غریبوں کا چولہا بجھ جائے گا۔ ہم پیپلز پارٹی یا ن لیگ کی سیاست کا حصہ نہیںبنیں گے چوروں کو بچانے کے لیے نہیں بلکہ مہنگائی، عوام دشمن بجٹ اور ملک کو آئی ایم ایف کی غلامی سے نجات کے لیے جماعت اسلامی اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ لاہور، فیصل آباد اور کراچی کے بعد اب 12 جولائی کو ملتان میں سینیٹر سراج الحق کی قیادت میں مہنگائی و عوام دشمن بجٹ کے خلاف مارچ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹنڈو الہیار میں جماعت اسلامی کی ضلعی مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ جس میں مقامی امرا، ضلعی امیر دیدار بہرانی اور سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی موجود تھے۔ صوبائی امیر نے کہا کہ ایک طرف تبدیلی کے نام پر عوام کو ریلیف دینے کے دعوے کیے جارہے ہیں تو دوسری طرف بجٹ میں صحت و تعلیم جیسے اہم شعبوں کے بجٹ میں کمی کر کے اسے نظر انداز کردیا گیا ہے۔ حکومت اپنے دعوئوں کے برعکس عام آدمی کا معیار زندگی بہتر بنانے کے بجائے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کر رہی ہے۔ صوبائی امیر نے ذمے داران کو ہدایت دی کہ وہ آئندہ سال ہونے والے بلدیاتی انتخابات کی ابھی سے تیاری و منصوبہ بندی کر کے قوم کو دیانتدار قیادت پیش کریں۔ ملک میں حقیقی تبدیلی اور مسائل کا حل قرآن و سنت کے نفاذ میں ہی مضمر ہے۔