ججز کیخلاف ریفرنس پاکستان بار کونسل کا آج ملک بھر میں یوم سیاہ منانے کا اعلان

265

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان بار کونسل (پی بی سی) نے عدالت عظمیٰ کے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس کے کے آغا کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں 2 ریفرنسز کی سماعت کے موقع پرآ ج (منگل کو) یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق پی بی سی نے وکلا برادری پر زور دیا ہے کہ وہ دونوں ریفرنسز کی سماعت کے دوران عدالت عظمیٰ کی عمارت میں اپنی حاضری یقینی بنائیں۔ ایک بیان میں پاکستان بار کونسل کے صدر امان اللہ کنرانی نے تمام بار کونسلز اور بار ایسوسی ایشنز کے نمائندگان سے کہا ہے کہ جب 5 رکنی بینچ ریفرنسز کی سماعت کے لیے بیٹھے تو یوم سیاہ منایا جائے‘ سماعت کے دوران وکلا بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھیں اور سیاہ جھنڈے تھامیں‘ پاکستان بار کونسل سپریم جوڈیشل کونسل کے حتمی فیصلے کی روشنی میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کرے گی۔ انہوں نے کہا کونسل نے عدالت عظمیٰ، سندھ ہائی کورٹ، بلوچستان ہائی کورٹ میں چھٹیوں کے پیش نظر عدالتوں کی بندش کی کوئی کال نہیں دی۔ امان اللہ کنرانی نے وکلا پر زور دیا کہ وہ متحد رہیں اور اپنی صفوں میں کسی کو انتشار پھیلانے نہ دیں‘ عدالتوں میں تقرریاں مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر ہونی چاہئیں کیونکہ اگر ججز اور وکلا تنظیموں کے عہدیداروں کے رشتے دار ان اعلیٰ عہدوں پر تعینات ہوں گے تو شفافیت کا عمل متاثر ہوگا۔