آصف زرداری اور سعد رفیق اجلاس ختم ہونے کے باوجود پارلیمنٹ آتے رہینگے

161

اسلام آباد (صباح نیوز) نیب کے زیر حراست اپوزیشن جماعتوں کے رہنما آصف علی زرداری اور خواجہ سعد رفیق قومی اسمبلی کا اجلاس نہ ہونے کے باوجود بھی رواں ماہ جولائی میں پارلیمنٹ ہائوس آتے رہیں گے، متعلقہ قائمہ کمیٹیوں میں ان کی شرکت کیلیے پروڈکشن آرڈر جاری کردیے گئے ہیں۔ سابق صدر آصف علی زرداری 3 جولائی کو اطلاعات و نشریات اور صنعت و پیداوار کی قائمہ کمیٹیوں، 8 اور 9 جولائی کو 2 روزہ اجلاس میں شریک ہوں گے، قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمینوں نے پروڈکشن آرڈر جاری کردیے ہیں، آصف زرداری مزید بھی قائمہ کمیٹیوں کے رکن ہیں جن کے اجلاس طلب کیے جانے کے نوٹسز جاری کیے جا رہے ہیں، ان کمیٹیوں کے چیئرمین بھی اپوزیشن جماعتوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ علاوہ ازیں خواجہ سعد رفیق کو آج پارلیمنٹ ہائوس میں قانون و انصاف کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کیلیے لایا جائے گا، یہ اجلاس 3 جولائی تک جاری رہے گا۔ 5 جولائی کو خواجہ سعد رفیق قائمہ کمیٹی برائے ریلوے کے اجلاس میں شریک ہوں گے اس حوالے سے بھی ان کا پروڈکشن آرڈر جاری کیا جائے گا۔ قائمہ کمیٹی قانون و انصاف کے چیئرمین نے خواجہ سعد رفیق کی شرکت کو یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے۔