وزارت قانون نے وفاقی ٹیکس محتسب کا تقرر غیر قانونی قراردے دیا

274

اسلام آباد(آن لائن) وزارت قانون وانصاف نے وفاقی ٹیکس محتسب مشتاق سکھیرا کے تقرر کو غیر قانونی قرار دے دیا۔وفاقی ٹیکس محتسب مشتاق سکھیرا کے برطرفی کیس میں وزارت قانون و انصاف نے 6 صفحات پر مشتمل جواب اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرادیا،جس میں کہا گیا ہے کہ مشتاق سکھیرا کا تقرر ہی غیر قانونی ہے ، آرڈیننس 2000 کی شق 3(1)کے تحت محتسب کے تقرر کا اختیار صرف صدرمملکت کاہے، وزیراعظم کی سفارش کی ضرورت نہیں، صدر نے جو تقرر اپنی مرضی سے کرنا تھا وہ وزیر اعظم کی سفارش پر کیا گیا۔وزارت قانون وانصاف کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ مشتاق سکھیرا کا تقرر قانون کے مطابق نہیں، سپریم جوڈیشل کونسل کے ذریعے ہٹانا ضروری نہیں، تقرر قانون کے مطابق نہ ہونے پر شوکاز جاری کرنا بھی ضروری نہیں ، 30 اگست 2017ء کو صدر نے وزیراعظم کی سفارش پر تقررکیا۔ 2013 ایکٹ کی شق 5 کے مطابق محتسب کو سپریم جوڈیشل کونسل کے ذریعے ہٹانے کے قانون پر اسی وقت عمل ہوگا جب تقرر قانون کے مطابق ہو۔