حج آپریشن 4 جولائی سے شروع ہوگا، کوئٹہ سے بھی پروازوںکا اعلان

217

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ پی آئی اے پہلی دفعہ کوئٹہ سے بھی حج آپریشن شروع کر رہا ہے جو قابل تعریف ہے، یہ بات انہوں نے پیر کو ایک بریفنگ کے دوران کہی۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ حج آپریشن 4 جولائی سے شروع ہو رہا ہے، کراچی، اسلام آباد، لاہور، سکھر اور پشاور سے افتتاحی پروازیں 5 جولائی کو روانہ ہوں گی۔ 6 جولائی سے ملتان، 7 جولائی سے کوئٹہ، 8 جولائی سے فیصل آباد، 10 جولائی سے سکھر اور 27 جولائی سے رحیم یار خان سے افتتاحی پرواز روانہ ہوگی، پی آئی اے کی پروازیں 5 اگست 2019ء تک سعودی عرب جائیں گی۔ حج کے بعد 17 اگست سے 14 ستمبر 2019ء تک پی آئی اے کی پروازیں وطن واپس آئیں گی۔ پی آئی اے نے حج آپریشن کیلیے 294 پروازوں کا انتظام کیا ہے جس میں 201 پروازوں میں B 777 اور 94 پروازوں کیلیے A-320 استعمال ہوگا۔ اس سلسلے میں پی آئی اے نے مدینہ کیلیے 86 پروازوں اور جدہ کیلیے 208 پروازوں کا انتظام کیا ہے۔ پی آئی اے کی سروس 78 ہزار 258 عازمین حج استعمال کریں گے۔ حج آپریشن میں اسلام آباد سے 46 پروازیں 13171 عازمین حج کو حجاز مقدس لے کر جائیں گی۔ کراچی سے 62 پروازیں 19 ہزار 745 عازمین، لاہور سے 51 پروازیں 15 ہزار 562 عازمین، پشاور سے 29 پروازیں 10 ہزار 446 عازمین، سکھر سے 12 پروازیں 4 ہزار 358 عازمین، ملتان سے 21 پروازیں 5 ہزار 77 عازمین، فیصل آباد سے 17 پروازیں 1 ہزار 549 عازمین کو اور کوئٹہ سے 56 پروازیں 8 ہزار 350 عازمین حج کو حجاز مقدس لے کر جائیں گی۔ کوئٹہ، سکھر، رحیم یار خان اور سیالکوٹ میں پی آئی اے کے علاوہ کوئی اور ائر لائن آپریٹ نہیں کر رہی۔ سکھر اور رحیم یار خان سے کراچی کیلیے خاص فیڈر پروازیں بھی چلائی جائیں گی۔ فی حاجی کو 35 کلو گرام کا فری بیگج الاؤنس دیا جائے گا، اس کے علاوہ حج کے بعد 5 لیٹر آب زمزم کی بوتل بھی دی جائے گی۔ پی آئی اے کے اسکاوٹس سعودی ہوائی اڈوں پر حج آپریشن کے لیے موجود ہوں گے۔ وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ کے تحت اسلام آباد ائرپورٹ پر 10 سعودی امیگریشن کاؤنٹر نصب کرنے پر سعودی وفد کا شکریہ ادا کیا۔ سعودی امیگریشن سسٹم ائرپورٹ کے ڈیپارچر لاؤنج میں لگایا گیا ہے۔ وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ اس کیلیے ایک خاص لائونج وقف کیا گیا ہے۔