پاکستانی ٹیم فتوحات برقرار رکھتے ہوئے آئی بی ایس ایف ورلڈ ٹیم ا سنوکر چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچ گئی

143

 

دوحہ (جسارت نیوز)پاکستانی ٹیم فتوحات برقرار رکھتے ہوئے آئی بی ایس ایف ورلڈ ٹیم ا سنوکر چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچ گئی، پاکستان نے سیمی فائنل میں قطر اے ٹیم کو 3-1 فریمز سے شکست دی، فائنل میں گرین شرٹس کو آج روایتی حریف بھارتی ٹیم کا چیلنج درپیش ہو گا۔ پیر کو دوحہ، قطر میں میگا چیمپئن شپ میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں محمد بلال اور اسجد اقبال پر مشتمل پاکستانی ٹیم نے انتہائی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے قطر اے ٹیم کو بیسٹ آف فائیو فریمز میں 3-1 سے ہرا کر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا، پہلے فریم میں شکست کے باوجود پاکستانی ٹیم نے ہمت نہ ہاری اور مسلسل 3 فریمز جیت کر میچ میں کامیابی حاصل کی، پہلے فریم میں قطر نے پاکستان کو 59-48 سے شکست دی، اس کے بعد پاکستانی ٹیم نے اگلے تینوں فریمز 75-0، 109-1 اور 64-35 سے جیت کر میدان مار لیا۔ دوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے آئرلینڈ کو ہرایا۔ پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان فائنل آج کھیلا جائے گا۔